سپریم کورٹ آف پاکستان نے ارکانِ پارلیمنٹ کی تاحیات نا اہلی کیس کی سماعت کے لیے سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بینچ دو جنوری 2024 کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ارکانِ پارلیمنٹ کی تاحیات نااہلی کیس کی سماعت کرے گا۔
سابقہ حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی تھی جس کے بعد آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کو پانچ سال کر دیا تھا۔
مذکورہ آرٹیکل کے تحت کئی سیاست دان نااہل ہوئے ہیں جن میں نمایاں ترین سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سمیت دیگر کئی سیاست دان شامل ہیں۔
مبصرین کے مطابق سپریم کورٹ تاحیات نااہلی کے معاملے پر ایسے موقع پر سماعت کرنے جا رہی ہے جب سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو عدالتوں سے ریلیف مل رہا ہے۔
لیکن بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا تھا۔ تاہم اب یہ معاملہ ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ میں آیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ دیا تھا۔ تاہم اب دو جنوری 2024 کو ارکانِ پارلیمنٹ کی تاحیات نااہلی سے متعلق سات رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔