امریکی محکمہٴخارجہ نے منگل کو نائجیریا میں ریاستِ ادماوا میں موبی کے مقام پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔
ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ’’اِس جانی نقصان پر ہم نائجیریا کے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں‘‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ حقیقت کہ عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا، اس سے ایک بار پھر دہشت گردوں کی ظالمانہ فطرت ظاہر ہوتی ہے، جو بات اُن کےخاص عزائم سے پردہ اٹھاتی ہے جس کا مقصد نائجیریا کے شہریوں کے امن اور سلامتی کو ذق پہنچانا ہے۔‘‘
ترجمان نے کہا کہ ’’بے گناہ لوگوں کے خلاف ایسے سنگ دلانہ حملے محض ہمارے عزم کو پختہ کرتے ہیں کہ نائجیریا اور ہمارے علاقائی ساجھے داروں کے تعاون سے اِن خطرات سے نمٹا جائے گا‘‘۔
یہ دھماکا قصبے موبی کی ایک مسجد میں فجر کی نماز کے وقت ہوا، جب وہاں بہت سارے لوگ نماز کی ادائیگی کے لیے جمع تھے۔ ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔ لیکن، یہ دھماکہ اس سے پہلے کے کئی بم دھماکوں سے مشابہت رکھتا ہے جو عسکری گروپ بوکو حرام کے ارکان نے کیے تھے۔