رسائی کے لنکس

میلبورن: چھ وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کے 310 رنز


ٹیسٹ کے دوسرے روز ناٹ آؤٹ بیٹسمین اظہر علی اور اسد شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے۔

میلبورن ٹیسٹ کے دوسرے دن منگل کو بھی بارش نے کھیل کا مزہ خراب کر دیا اور اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر310 رنز بنا لیے۔ اظہر علی 139 اور محمد عامر 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں پاکستان نے 142 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی، ناٹ آؤٹ بیٹسمین اظہر علی اور اسد شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے۔

اس دوران اظہر علی نے شاندار سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 12ویں سنچری ہے، ان کی اننگز میں سات چوکے شامل تھے۔

جب کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 232رنز بنا لیے تھے جبکہ وقفے کے دوران ہی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے باعث میچ شروع نہ ہوسکا۔

بارش کا سلسلہ رکا تو پاکستان نے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ جب پاکستان کا اسکور 240 رنزپر پہنچا تو اسد شفیق 50رنز بنا کرآؤٹ ہو گئے۔

ٹیسٹ کیریئر میں اسد شفیق کی یہ 18 ویں نصف سنچری ہے۔ اظہر علی اور اسد شفیق نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 115 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔

سرفراز احمد زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 10رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر رنشا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

محمد عامر نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 6چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 28 رنز بنائے۔

ایک بار پھر بارش شروع ہوئی جو انتظار کے باوجود نہ رکی تو میچ مقررہ وقت سے قبل ہی ختم کردیا گیا۔

جب کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 139رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ یہ آسٹریلیا میں کسی بھی پاکستانی اوپنر کا تیسرا بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل ماجد خان نے 158اور اوپننگ بیٹسمین محسن خان اور آصف اقبال نے 152، 152نے رنز بنا ئے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے تین، ہیزل ووڈ نے دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG