رسائی کے لنکس

پاکستان میں امریکی شہریوں کو 'انتہائی محتاط' رہنے کی ہدایت


یہ احتیاط پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد پاکستانی حکومت کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کے تناظرمیں برتنے کا کہا گیا ہے۔

امریکہ نے پاکستان میں اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسی معلومات موصول ہوئی ہیں کہ دہشت گرد گروہ امریکی شہریوں کی رہائش گاہوں تک تعمیراتی، دیکھ بھال، تکنیکی اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

بیان کے مطابق امریکی شہری فوری طور پر کسی بھی کمپنی کے نمائندے کے اپنے گھر میں داخلے سے متعلق انتہائی محتاط رہیں۔

پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد پاکستانی حکومت کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کے تناظر میں یہ احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے۔

امریکی سفارتخانہ پاکستان میں موجود اپنے شہریوں کے لیے وقتاً فوقتاً ایسے بیانات جاری کرتا ہے۔

بیان میں امریکی شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ پاکستان میں سفر کے دوران اپنے اوقات اور راستوں کو تبدیل کرتے رہیں اور ایسے معمولات سے گریز کریں جس سے کسی کو ان کی موجودگی اور آمد و رفت سے متعلق پیش گوئی کرنے میں مدد ملے۔

شہریوں سے کہا گیا کہ پاکستان کے لیے سفر اور سلامتی سے متعلق آگاہی کے لیے وہ محکمہ خارجہ سے رابطہ بھی کر سکتے ہیں۔

پاکستان کے شمال مغربی شہر پشاور میں منگل کو دہشت گردوں نے فوج کے زیر انتظام ایک اسکول پر حملہ کیا تھا جس میں 132 بچوں سمیت 148 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد شدت پسندوں کے خلاف پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور اب تک قبائلی علاقوں کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں میں درجنوں مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

اسی تقریباً ملک کی جیلوں میں قید سزائے موت کے مرتکب دہشت گردوں کو پھانسی دینے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا اور جمعہ کو دو دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

اس ساری صورتحال کے تناظر میں پاکستان بھر میں حساس مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

XS
SM
MD
LG