پاکستان کی فوج نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں انارکلی میں ہونے والے دھماکےسمیت مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث چھ مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ جوابی کارروائی میں ایک فوجی بھی ہلاک ہوا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے مطابق'' صوبۂ بلوچستان کے شہر سبی کے قریب ناگاؤ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔''
آئی ایس پی آر کے مطابق ''فائرنگ کے تبادلے میں بی این اے سے تعلق رکھنے والے نصیب اللہ بنگلزئی عرف جہانگیر، پیر جان اور رکئی کلہوئی سمیت چھ دہشت گرد ہلاک ہوئے'' جب کہ جوابی فائرنگ میں ایک سپاہی نثار ہلاک اور دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بلوچستان کے علاقے میں علیحدگی پسندوں کی طرف سے گزشتہ کچھ عرصہ میں کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور کئی مقامات پر حملے بھی کیے گئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ مبینہ دہشت گرد سبی اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ ان کا تعلق 20 جنوری کو لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونےو الے دھماکے سے بھی تھا۔
خیال رہے کہ رواں برس 20 جنوری کو لاہورمیں انارکلی میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوئے تھے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری بلوچ تنظیم بلوچ نیشنلسٹ آرمی( بی این اے) نے قبول کی تھی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ علیحدگی پسندوں نے فروری کے آغاز میں بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں فرنٹیئر کور(ایف سی) کے کیمپس پر حملے کیے تھے۔ جس کے نتیجے میں فوجی ترجمان کے مطابق ایک سیکیورٹی اہلکار اور چار دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔