کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کر لی ہے۔ نیوزی لینڈ کی کامیابی کے بعد پاکستان کی اب ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔
جمعرات کو بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
سری لنکن بلے باز وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے اور کوئی بڑی پارٹنر شپ قائم کرنے میں ناکام رہے۔
سری لنکا کی پہلی تین کے مجموعی اسکور پر گری جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جواب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز ڈیون کانوے اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 86 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ تاہم دونوں یکے بعد دیگرے اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔
کپتان کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے کیویز کی اننگز کو آگے بڑھایا، تاہم 130 رنز کے مجموعی اسکور پر ولیمسن ہمت ہار بیٹھے۔ اُنہیں اینجلو میتھیوز نے بولڈ کیا۔ ڈیرل مچل بھی 43 رنز بنا کر میتھیوز کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 23.2 اوورز میں ہدف حاصل کر کے اپنا نیٹ رن ریٹ مزید بہتر کر لیا۔
پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی انتہائی مشکل
نیوزی لینڈ کی کامیابی کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔
پاکستان اپنا آخری لیگ میچ ہفتے کو کولکتہ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو انگلینڈ کو 287 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دینا ہو گی۔
اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 300 رنز اسکور کرتا ہے تو اسے انگلینڈ کو 287 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دینا ہو گی۔
فورم