رسائی کے لنکس

برطانیہ: 'ایسٹرا زینیکا' ویکسین لگوانے والے 30 میں سے سات افراد ہلاک


ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگوانے کے بعد گزشتہ ماہ 24 مارچ تک شریانوں میں خون جمنے کے 22 اور پلیٹ لیٹس میں کمی کے آٹھ کیسز سامنے آئے تھے۔ (فائل فوٹو)
ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگوانے کے بعد گزشتہ ماہ 24 مارچ تک شریانوں میں خون جمنے کے 22 اور پلیٹ لیٹس میں کمی کے آٹھ کیسز سامنے آئے تھے۔ (فائل فوٹو)

برطانیہ میں میڈیسن اور صحتِ عامہ کی ریگولیٹر ایجنسی ایم ایچ آر اے کا کہنا ہے کہ ان 30 افراد میں سے سات کی اموات ہو گئی ہیں جن میں برطانوی کرونا ویکسین ‘ایسٹرا زینیکا’ لگوانے کے بعد بلڈ کلوٹس (خون کے لوتھڑے) بننے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔

ایجنسی کا جمعے کو 30 بلڈ کلوٹس کے کیسز رپورٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وبا کے خلاف ویکسین کار آمد ہے اور ایجنسی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لگواتے رہیں۔

فرانسیسی خبر ساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگوانے کے بعد گزشتہ ماہ 24 مارچ تک شریانوں میں خون جمنے کے 22 اور پلیٹ لیٹس میں کمی کے آٹھ کیسز سامنے آئے تھے۔

ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد مخصوص بلڈ کلوٹس کا رِسک بہت کم ہے۔

ایم ایچ آر اے کا رواں ماہ دو اپریل کو جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ ویکسین کے نامؤاقف ردِ عمل سامنے آنے کی تعداد اور نوعیت، معمول کی ویکسین کے مقابلے میں غیر معمولی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ 'فائزر' اور 'موڈرنا' کی تیار کردہ ویکسین سے متعلق ایسی کوئی شکایات سامنے نہیں آئی ہیں۔

کرونا ویکسین لگوانے پر چرس کا سگریٹ مفت
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:22 0:00

یورپی ملک ہالینڈ میں بھی رواں ہفتے جمعے سے 60 سال سے کم عمر افراد کو ایسٹرا زینیکا ویکسین لگانے کا عمل روک دیا گیا ہے۔

ہالینڈ کا یہ اقدام 25 سے 65 سال کی خواتین کے پانچ کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا جن میں سے ایک کی موت بھی ہو گئی۔

اس سے قبل رواں ہفتے جرمنی میں بھی یہی اقدام کیا گیا تھا۔

یورپین میڈیسن ایجنسی (ای ایم اے) نے پہلے ایسٹرا زینیکا ویکسین کو محفوظ قرار دیا تھا۔ ایجنسی آئندہ ہفتے سات اپریل کو اس سلسلے میں مزید ہدایات جاری کر سکتی ہے۔

ای ایم اے کا بدھ کو کہنا تھا کہ وہ سمجھتی ہے کہ ویکسین محفوظ ہے اور ماہرین کے مطابق اس میں کوئی رِسک نہیں ہے۔

ایسٹرا زینیکا برطانیہ میں 'آکسفرڈ یونیورسٹی' کے اشتراک سے تیار کی گئی ویکسین ہے۔ برطانیہ میں کرونا وبا سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور وبا کے سبب لگ بھگ ایک لاکھ 27 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG