رسائی کے لنکس

دن میں آٹھ گلاس پانی پینا صحت کے لیے کتنا ضروری ہے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہم سب نے ہی یہ ضرور سنا ہو گا کہ جسم کو ترو تازہ اور صحت مند رہنے کے لیے دن میں آٹھ گلاس پانی پینا ضروری ہے۔ بہت سے لوگ اس بات کو ہی مدِ نظر رکھتے ہوئے دن میں آٹھ گلاس پانی پیتے ہیں۔

متعدد افراد کے لیے یہ ہدف پورا کرنا آسان نہیں ہوتا اور انہیں پیاس کی شدت محسوس نہ بھی ہو تب بھی وہ اس مقدار کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ایک بالغ انسان کا جسم تقریباً 60 فی صد پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔امریکی سرکاری ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق محقق و مصنفہ ایچ ایچ مچل کا کہنا ہے کہ انسان کا دماغ اور دل 73 فی صد جب کہ پھیپھڑے 83 فی صد پانی پر مشتمل ہیں۔

ایچ ایچ مچل کے مطابق انسان کی جلد 64 فی صد جب کہ پٹھے اور گردے 79 فی صد پانی پر مشتمل ہیں۔ اس کے علاوہ انسان کی ہڈیوں میں بھی 31 فی صد پانی ہوتا ہے۔

مذکورہ اعداد و شمار سے تو اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ پانی جسم کے لیے کتنا اہم ہے اور صحت مند رہنے کے لیے پانی پینا کتنا ضروری ہے۔

آج کل کے نوجوان اپنی مصروفیات میں اس قدر مشغول ہوتے ہیں کہ انہیں پانی پینا یاد نہیں رہتا یہی وجہ ہے کہ اس صحت سے متعلق مسائل جنم لیتے ہیں۔

ہم سب کو یہ بتایا جاتا ہے کہ دن میں آٹھ گلاس پانی پینے کے صحت پر حیر ت انگیز نتائج سامنے آتے ہیں۔ اس بارے میں برطانیہ میں مقیم ڈائٹیشن فریحہ جےنے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آٹھ گلاس پانی تقریباً 1600 ملی لیٹر بنتا ہے اور ہم عام طور پر لوگوں کو 1500 سے 2000 ملی لیٹر پانی پینے کی تجویز دیتے ہیں۔

وزن کیسے کم کریں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:08:45 0:00

ان کے مطابق یہ انتہائی عام تجویز ہے کیوں کہ پانی کا استعمال ہر انسان کے وزن، اس کی جسمانی سرگرمی، موسمی حالات اور وہ دن بھر کیا کام کرتا ہے اس پر انحصار کرتا ہے کہ اسے دن میں کتنا پانی پینا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے آٹھ گلاس پانی پینے کی تجویز بہت ہی عام سی تجویز ہے جو اس لیے دی جاتی ہے کہ لوگ اس سے کم پانی نہ پیئں۔

اکثر جب اداکاروں سے ان کی ترو تازہ جلد کا راز پوچھا جاتا ہے تو ان کا یہی جواب ہوتا ہے 'ہائیڈریشن'۔ آخر ہمیں اپنے جسم کو ہائیڈریٹ یا ترو تازہ رکھنا کیوں ضروری ہے؟ اس کے صحت پر کیا نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں؟

ڈائٹیشن فریحہ جے کے مطابق جسم کو ترو تازہ رکھنے سے ہمارے اعضا اچھے طریقے سے کام کرتے ہیں۔ جب ہم پانی پیتے ہیں تو اس سے ہمارے جسم کا درجۂ حرارت برقرار رہتا ہے، جسم میں موجود فاضل مادوں کا اخراج ہوتا ہے جب کہ اس سے ہماری صحت بھی بہتر رہتی ہے۔

ہمیں دن میں کتنا پانی پینا چاہیے؟

امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' کے ایک مضمون میں ریاست مشی گن کی وین اسٹیٹ یونیورسٹی کی ایکسرسائز اور اسپورٹس سائنس دان ٹمارا ہیو بٹلر نے ایک مثال دی کہ اگر کوئی 90 کلو گرام وزنی شخص گرمی میں اونچائی کی طرف 10 میل چڑھائی کرے تو اسے ایک اے سی والے کمرے میں بیٹھ کر دن گزارنے والے شخص سے زیادہ ہی پانی پینے کی ضرورت ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کو دن میں کتنے پانی کی ضرورت ہے یہ آپ کی صحت پر بھی منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے اگر کوئی امراضِ قلب میں مبتلا ہے یا اگر کسی کے گردے میں پتھری ہے تو اس کے جسم کی پانی کی ضرورت بھی مختلف ہو گی۔

اس بارے میں ڈائٹیشن فریحہ جے کا کہنا ہے کہ ہر چیز کو اعتدال میں رکھنا بہت ضروری ہے، ضرورت سے زیادہ کوئی بھی چیز درست نہیں ہو گی، ہمیں مقدار کا خیال کرنا بہت ضروری ہے چاہے وہ پانی ہی کیوں نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کی جلد بہت خشک ہو رہی ہے یا اگر آپ کے پیشاب کا رنگ بہت زرد ہے تو ہو سکتا ہے کہ آپ کے جسم میں پانی کی کمی ہو۔

ڈائٹیشن فریحہ جے کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ہمارے جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے تو اکثر اس وجہ سے سر میں درد بھی رہتا ہے اور ہم چڑچڑے پن کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔

کیا آپ صاف پانی نہیں پیتے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:04:51 0:00

علاوہ ازیں 'نیویارک ٹائمز' سے بات کرتے ہوئے گردوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر ٹوپف نے بتایا کہ نوجوان اور صحت مند افراد کو ترو تازہ رہنے کے لیے اچھا یہی ہے کہ وہ اس وقت پانی کا استعمال کریں جب انہیں پیاس محسوس ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جن کی عمر 70 برس سے زائد ہے انہیں پانی کی ضرورت پورا کرنے کے لیے زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے کیوں کہ اس عمر میں پیاس محسوس ہونے کی حس کمزور ہوتی ہے۔

ڈائٹیشن فریحہ جےکا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف پانی ہی ہمارے جسم کو تروتازہ نہیں رکھتا بلکہ خوراک میں پانی کے ساتھ ساتھ پھل، سبزی، دودھ اور دیگر ایسی چیزیں بھی شامل کرنی چاہیئں جو جسم کو تروتازہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

جسم کو ترو تازہ رکھنے کے لیے چند تجاویز

1۔ برطانیہ کی ہارورڈ ہیلتھ پبلشنگ کے مطابق ہمیں اپنے جسم کو ترو تازہ رکھنے کے لیے پورا دن پانی اور صحت مند مشروبات کا استعمال کرنا چاہیے۔

2۔ پانی کی کمی کو پورا کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ کھانے سے قبل اور کھانے کے دوران پانی کا استعمال کریں۔

3۔ پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایسی غذاؤں کا استعمال کرنا بھی بہترین ہوتا ہے جس میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

4۔ جسم کو ترو تازہ رکھنے کے لیے پھل اور سبزیوں کا استعمال بے حد مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG