سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 546 ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا کے مختلف ملکوں سے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
بھارت سے آنے والے لگ بھگ تین ہزار سکھ یاتری ٹرین کے ذریعے واہگہ پہنچے جہاں سے وہ بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب کے لیے روانہ ہو گئے جو کہ بابا گرونانک کی جائے پیدائش ہے۔
سکھ یاتریوں کی آمد کے موقع پر واہگہ ریلوے اسٹیشن پر خصوصی انتطامات کیے گئے تھے۔
متروکہ وقف بورڈ کےسربراہ صدیق الفاروق نے بھارت سے واہگہ پنچنے والے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ سکھ یاتریوں کی سیکورٹی اور سہولت کیلئے جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ پاکستان میں اپنی مذہبی رسوما ت کی ادائیگی کے لئے آنے والے سکھ یاتریوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔
غیر ملکی سکھ یاتریوں سمیت ہزاروں کی تعدا میں مقامی سکھ یاتری بھی ان تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔
ننکانہ صاحب میں تین روزہ تقریبات میں شرکت کے بعد سکھ یاتری حسن ابدال میں گرو دوارہ پنجہ صاحب اور پھر لاہور میں گرو دوارہ ڈیرہ صاحب جائیں گے۔