سندھ میں 12 دن کی تاخیر کے بعد رینجرز کو پیر کے روز ایک مرتبہ پھر 90 دن کے لئے خصوصی اختیارات دے دیئے گئے۔ اس توسیع کے ساتھ ہی اب رینجرز مزید ایک سال تک سندھ میں قیام کرسکے گی۔
سندھ کو دیئے جانے والے خصوصی اختیارات کی مدت 19 جولائی کو ختم ہوئی تھی۔ تاہم، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رینجرز کے قیام میں توسیع کی سمری پر دستخط نہیں کئے تھے، جس پر وفاقی وزیر داخلہ نثار علی خان نے بھی رینجرز کے قیام میں توسیع کے لئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا تھا اور معاملہ طول پکڑنے کے ساتھ ساتھ شدت بھی اختیار کرگیا تھا۔
اس دوران صوبے کی حکمراں جماعت، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے وزیراعلیٰ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اور مراد علی شاہ نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے جنہوں نے پیر کو رینجرز کے قیام اور اختیارات کی مدت میں توسیع کی سمریوں پر دستخط کر دئیے۔
خصوصی اختیارات کے تحت رینجرز کو کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارنے اور انہیں گرفتار کرکے 90 روز تک تحویل میں رکھنے سمیت کئی اختیارات دوبارہ تفویض ہوگئے ہیں۔