پاکستان کے صدر ممنون حسین نے سزائے موت کے چھ مجرموں کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔
مجرموں کا تعلق صوبہٴسندھ سے ہے، جبکہ ان کے نام آچر عرف بھائی خان، عبدالعزیز، بشیر احمد، محمد فیصل، محمد افضل اور منور علی بتائے جاتے ہیں۔
اپیلیں مسترد کئے جانے کے صدارتی فیصلے سے صوبائی محکمہٴداخلہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مختلف مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، آئی جی جیل خانہ جات کو متعلقہ جیل حکام کو تمام مجرموں کے بلیک وارنٹ جاری کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جبکہ ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے کے بعد انہیں کسی بھی وقت پھانسی پر لٹکا دیا جائے گا۔
ڈان ٹی وی کا کہنا ہے کہ مجرموں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔ انہیں سندھ کی مختلف انسداد دہشت گردی کی عدالتوں نے پھانسی کی سزائیں سنائی تھیں۔
سولہ دسمبر 2014ء کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد سے اب تک تقریباً دو درجن مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔