رسائی کے لنکس

اسکائی فال007 برطانوی باکس آفس کی دوسری بڑی فلم


جیمز بانڈ
جیمز بانڈ

'جیمز بونڈ فلم فرنچائز‘ اسکائی فال 007 کی نمائش کے ساتھ اپنی کمپنی کی' پچاسویں' سالگرہ بھی منا رہا ہے، جسے محض ایک اتفاق قرار دیا جا رہا ہے

جیمز بونڈ فلم کے شائقین کا انتظار ختم ہوا اور جیمز بونڈ کی واپسی چار سال بعد اسکائی فال007 فلم سے ہوئی ۔ برطانیہ سمیت دنیا کے24 مختلف ممالک کے سینما گھروں میں 26 اکتوبر کو اسکائی فال نمائش کے لیے پیش کی گئی۔

اِس فلم نے سینما گھروں میں اپنی نمائش کے پہلے ہفتےمیں 32.4 ملین پاؤنڈ کا بزنس کیا ۔ یہ فلم برطانوی باکس آفس کی تاریخ میں دوسری بڑی کامیاب فلم قرار پائی ہے، جبکہ 'ہیری پوٹر اینڈ دا ڈیتھلی ہالو2‘ پہلے نمبر پر ہے ۔ اسکائی فال امریکہ کے میں 9 نومبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی ۔

اسکائی فال برطانیہ میں اس سال کی کامیاب فلموں میں پہلے نمبر پر ہے۔ فلم بینوں نے ہفتے کے روز سب سے زیادہ تعداد میں اس فلم کو دیکھا جو بھی ایک ریکارڈ ہے ۔ فلم کے ہیرو ڈینئیل کریگ کی پہلی فلم 'کیسنو رائل' کی پہلے ویک اینڈ کی آمدنی سے اس فلم کی آمدنی76 فیصد زیادہ ہے ۔

'جیمز بونڈ فلم فرنچائز‘ اسکائی فال 007 کی نمائش کے ساتھ اپنی کمپنی کی' پچاسویں' سالگرہ بھی منا رہا ہے، جسے محض ایک اتفاق قرار دیا جا رہا ہے۔اِس فرنچائز نے پہلی جیمز بونڈ' فلم ڈاکٹر نو 'کے نام سے 1962ء میں بنائی جس میں بونڈ کا کردار پہلی دفعہ شین کونری نے ادا کیا ۔ فلم ' این فلیمنگ 'کے جاسوسی ناول 'سیم نیم ' سے ماخوذ تھی اور حا لیہ نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم جیمز بونڈ فلم سیریز کی 23 فلم ہے ۔

جیمز بونڈ فلم کا خیال آتے ہی کانوں میں فلم کی مخصوص بیک گراونڈ موسیقی گونجنے لگتی ہے، جو بونڈ فلموں کی پہچان ہے ۔اسکائی فال فلم میں بونڈ یا M16 کا کردار ڈینئیل کریگ نے ادا کیا ہے ،ڈینئل کریگ اس سے پہلے بھی بونڈ کی دو فلموں کیسنو رائل اور 2006 اور کونٹیم آف سولیس 2008 میں ہیرو کا کردار ادا کر چکے ہیں ۔بونڈ گرل کے روپ میں نومی ہیرس ، میکسیکن اداکار جاویر بارڈین ولن میں ، اورM کے کردار میں جوڈی ڈینچ وغیرہ شامل ہیں ۔

برازیلی ہدایت کار نے اس فلم کے ایکشن مناظر میں جیگوار،رینج روور اور آسٹن جیسی گاڑیاں استعمال کی ہیں، جبکہ اس فلم کوچین ، ترکی اور لندن میں فلمایا گیا ہے۔ سونی فلم کمپنی نے برطانیہ میں اس فلم کی ایک سال کی تشہیری مہم پر 450 ملین پاؤنڈ خرچ کئے۔اس طرح اولمپک 2012 لندن کی افتتاحی تقریب میں بونڈ نے ملکہ برطانیہ کے ساتھ ایک سین فلم بند کروا یا جس نے اس فلم کی شہرت میں مزید اضافہ کیا۔ فلم کے ورلڈ پریمئر میں شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال کمیلا پارکر کی آمد نےاس فلم کو شاہی پسندیگی کی سند بھی دلوا دی۔

فلم کا ہیرو برطانوی سیکرٹ انٹیلجنس سروس کا ایک آفیسر ہے جو اپنے مخصوص کوڈ 007 سےجانا جا تا ہے ۔ہیڈ آف سیکرٹ انٹیلیجنس سروس میں M کے نام سے جانی جاتی ہے،جبکہ اس فلم کی کہانی میں ولن ہمیشہ یورپ یا کریبین ممالک سے تعلق رکھتا ہے ۔اسکائی فال فلم کی کہانی اس پلاٹ کے گرد گھومتی ہے جب استنبول میں کیا جانے والا آپریشن غلط ثابت ہوتا ہے اوربونڈ اس کیس میں الجھتے الجھتے لندن اور پھر چائنا پہنچتا ہے ۔یہ فلم 143منٹ لمبی ہے ۔

برطانوی اخبارات میں ناقدین نے اس فلم پر مثبت تبصرے لکھے ہیں۔تاہم، اشتہارات کی بھر مارکے ساتھ پرانی بونڈ فلم سیریزکی جھلکیوں پر مشتمل آ دھا گھنٹہ فلم شروع ہونے سے قبل ہی شائقین کو بور کر دیتا ہے ۔ فلم کے ایک سین میں جب بونڈ سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ رولیکس گھڑی استعمال کرتے ہیں تو ان کا جواب ہوتا ہے نہیں وہ اومیگا گھڑی پسند کرتے ہیں جو کہ اشتہاری مہم کا ایک حصہ ہے ۔اشتہارات کی مد میں پروڈیوسر کو پہلے ہی 29ملین پاؤنڈ کی آمدنی حاصل ہو چکی تھی۔

فلم کی پروڈیوسر' باربرا بروکلی 'کے مطابق اس فلم کا نام ایک بلڈنگ 'اسکائی فال لوج 'پر رکھا گیا ہے جو فلم میں ایک اہم جگہ ہے ۔

'راجر مور' جو خود بھی بونڈ کا کردار کرچکے ہیں، انھوں نے اس فلم کے پریمئر پر کہا 'بونڈ فلم کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی فلم ہے اور' کریگ' بونڈ فلم ہسٹری کا سب سے بہترین بونڈ بنے والا ہے'۔

ڈینئیل کریگ اس فلم کی کامیابی کے بعد بونڈ سیریز کی دو مزید فلمیں سائن کی ہیں، جو این فلیمنگ کی کہانیوں سے ماخوذ نہیں ہوں گی ۔
XS
SM
MD
LG