رسائی کے لنکس

سوچی اولمپکس: شاندار اختتامی تقریب کا اہتمام


سنہ 2014 کے کھیلوں پر مجموعی طور پر 51 ارب ڈالر خرچ آئے، جو اب تک کے مہنگے ترین اولمپکس تھے، جو خیرو عافیت سے اختتام پذیر ہوئے۔ اگلے سرمائی کھیل 2018ء میں جنوبی کوریا میں منعقد ہوں گے

روس کے شہر سوچی میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس اتوار کے روز ختم ہوئے، جس موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا, جس میں عالمی کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔

سنہ 2014 کے کھیلوں پر مجموعی طور پر 51 ارب ڈالر خرچ آئے، جو اب تک کے مہنگے ترین اولمپکس تھے، جو خیرو عافیت سے اختتام پذیر ہوئے، باوجود یہ کہ 17 روز تک جاری رہنے والے اسکیئنگ، سلیڈنگ اور اسکیٹنگ کے ایونٹس سے قبل دہشت گرد حملوں کی دھمکیاں موصول ہو چکی تھیں۔

کھیلوں کے مقابلوں کو دنیا بھر کے ٹیلی ویژن نے براہ راست نشر کیا۔


’اولمپک ٹارچ‘ بجھائے جانے کی خصوصی تقریب سے چند ہی گھنٹے قبل، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر، تھامس باخ نے کھیل منعقد کرنے پر میزبان شہر کو سراہا۔

روسی ایتھلیٹ سب سے زیادہ کامیاب رہے، جنھوں نے کھیلوں میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ تمغے اور زیادہ طلائی میڈل جیتے۔ میزبان ملک نے کُل 33 تمغے جیتے جن میں سے 13 طلائی تمغے تھے۔

امریکہ نے مجموعی طور پر 28 تمغے جیتے، جب کہ ناروے نے 26 میڈل حاصل کیے۔ طلائی تمغوں کے لحاظ سے روس کے بعد 11 طلائی تمغوں کے ساتھ ناروے دوسرے نمبر پر، جب کہ کینیڈا 10 سونے کے میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

اگلے سرمائی کھیل 2018ء میں جنوبی کوریا میں منعقد ہوں گے۔
XS
SM
MD
LG