سوشل میڈیا پر اِن دنوں جن دو فلموں کا سب سے زیادہ چرچا ہے۔ وہ ہیں سونی اسٹوڈیوز کی اینی میٹڈ فلم ’دی ایموجی مووی‘ اور ’اسپائڈرمین ہوم کمنگ‘۔
سوشل میڈیا پر باتوں، تبصروں اور پسندیدگی کے لحاظ سے کبھی ’اسپائڈر مین ہوم کمنگ‘ پہلے نمبر پر آتی ہے تو کبھی ’دی ایموجی مووی۔‘
ویب سائٹ ’اسکرین رینٹ‘ کے مطابق امریکا سمیت دنیا بھر میں’ اسپائڈرمین ۔۔۔‘ کے ٹریلر ریلیز کئے گئے تو فلم کی مقبولیت میں ریلیز سے قبل ہی اضافہ ہوا۔ لیکن، گزشتہ ہفتے جب سونی اسٹوڈیوز کی اینی میٹڈ فلم ’دی ایموجی‘ کا ٹریلر منظرعام پر آیا تو اس نے سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے اپنا راج قائم کرلیا۔
اس وقت آن لائن جس فلم کے بارے میں سب سے زیادہ بات کی جا رہی ہے وہ جون میں ریلیز کے لئے تیار ’دی ممی‘ یا ’ٹرانسفارمر دی لاسٹ نائٹ‘ نہیں بلکہ ’ایموجی مووی‘ ہے۔
’دی ایموجی مووی‘ میں ڈیڈ پول کے شہرت یافتہ ٹی جے ملر کی آواز کو مہ ایموجی کے کردار میں استعمال کیا گیا ہے۔ مہ ایموجی ایسا کردار ہے جو ہر روز ایک ہی جیسے تاثرات دیتے دیتے تھک چکا ہے اور زندگی میں اب کچھ نیا کرنا چاہتا ہے۔
اینی میٹیڈ کرداروں کو ملر کے علاوہ سر پیٹرک اسٹیورٹ کی آواز پوپ ایموجی کے رول میں سنائی دےگی، جبکہ دیگر ہالی وڈ اسٹارز جن کی آواز فلم میں موجود ہے ان میں اینا فیرس، روب رگلی اور مایا روڈولف شامل ہیں۔
’کوم اسکور‘ کی رپورٹ کا کہنا ہے کہ ’دی ایموجی مووی‘ کے بارے میں گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر 38 ہزار افراد نے بات کی اور اپنی رائے کا اظہار کیا جبکہ ’اسپائڈر مین ہوم کمنگ‘ کے بارے میں سوشل میڈیا پر26 ہزار لوگوں نے کمنٹس دئیے۔
یہ بات تو گزشتہ ہفتے کی تھی۔ لیکن، اب مجموعی طور پر’اسپائڈرمین ہوم کمنگ دی ایموجی مووی‘ سے آگے نکل گئی ہے۔ اسپائڈرمین کے بارے میں67اعشاریہ ایک ملین افراد نے اور ایموجی سے متعلق 158 ہزار افراد نے تبصرے کئے۔