امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ فضل عبد اللہ محمد کی ہلاکت سے القاعدہ کو ایک اور سخت دھچکا لگا ہے، جومبینہ طور پر 1998ء میں مشرقی افریقہ میں امریکی سفارت خانے پرکیے گئے بم حملے کی سازش کا سرغنہ سمجھا جاتا ہے۔
ہفتے کے دِن صومالی عہدے داروں نے بتاہا کہ القاعدہ کےسرگرم رکن کوچار روز قبل موغادیشو کی ایک چوکی پر ہلاک کیا گیا۔
ہلری کلنٹن نے، جو اِس وقت تنزانیا کے دورے پر ہیں، کہا ہے کہ فضل عبد اللہ محمد کی ہلاکت گذشتہ ماہ امریکی خصوصی فورسز کے ہاتھوں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ کو پہنچنے والا ایک اور اہم نقصان ہے۔
القاعدہ کے ارکان نے سات اگست 1998ء کو کینیا میں نیروبی اور تنزانیا میں دارالسلام میں امریکی سفارتخانوں پر بم حملے کیے جِن میں 224افراد ہلاک ہوئے۔
اتوار کے روز، امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے دارالسلام میں ایک یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جہاں پر ایک دھماکے میں تنزانیا کے 12افردا ہلاک ہوگئے تھے۔
اُس سے قبل، اُنھوں نے 'یو ایس افریکن گروتھ اینڈ اپورچونٹی ایکٹ' کے سلسلے میں زیمبیا میں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی۔ وہ پیرکو اِتھیوپیا کا دورہ کریں گی۔