صومالیہ میں حکام نے بتایا ہے کہ مسلح اغوا کاروں نے زیر تحویل ایک برطانوی امدادی کارکن کو رہا کر دیا ہے۔
ایک برطانوی غیر سرکاری تنظیم ’سیو دی چلڈرن‘ سے منسلک فرانس برنارڈ (Frans Barnard) کو اِن کے ایک صومالی ساتھی سمیت گذشتہ ہفتے ادادو (Adado) کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا اور انھیں منگل کی شب اس علاقے سے تقریباًاڑھائی سو کلومیٹر دور رہا کیا گیا۔
اس بارے میں متضاد اطلاعات ہیں کہ آیا برنارڈ کی رہائی تاوان کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی ہے۔ اُن کے صومالی ساتھی کو پہلے ہی رہا کیا جا چکا ہے۔سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ اُس کے کارکن ادادو میں بیمار اور غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کے لیے ایک منصوبہ شروع کرنے پر کام کر رہے تھے۔
صومالیہ میں اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بیشتر امدادی تنظیموں نے یہاں سے غیر ملکی کارکنوں کو واپس بلا لیا ہے۔
جہاں صومالی قزاق ملک کے مشرق میں سرگرم ہیں وہیں دارالحکومت موغادیشو میں شدت پسندوں اور حکومت حامی فورسز کے درمیان جھڑپیں معمول بن گئی ہیں۔