رسائی کے لنکس

صومالیہ: دو امدادی کارکن اغوا


صومالیہ: دو امدادی کارکن اغوا
صومالیہ: دو امدادی کارکن اغوا

وسطی صومالیہ میں مسلح افراد نے ایک امدادی تنظیم کے دوکارکنوں کو اغوا کرلیا ہے۔

صومالیہ کے علاقےجالمودج کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا ہے کہ منگل کے روز مسلح افراد نے ایک عورت اور مرد کو اس وقت اغوا کرلیا جب وہ جالکیعو شہر کے ایئرپورٹ کی طرف جارہے تھے۔

ترجمان احمد محمود حسن نے بتایا کہ اغوا ہونے والے دونوں افراد بارودی سرنگیں صاف کرنے سے متعلق ڈنمارک کی ایک تنظیم سے منسلک تھے۔

ترجمان کا کہناتھا کہ دونوں کارکن علاقے کو لوگوں کو بارودی سرنگیں صاف کرنے کی تربیت دینے کے بعد جالکیعو سے واپس جارہے تھے۔

اغوا ہونے والے امدادی کارکنوں کی قومیت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ انہیں اپنے ساتھ لے جانے والے کون تھے۔

پچھلے مہینے مسلح افراد شمالی کینیا سے چار غیر ملکیوں کو اغوا کرنے کے بعد انہیں صومالیہ لے گئے تھے۔ اغوا کیے جانے والوں میں طبی امداد فراہم کرنے والی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے دو ہسپانوی کارکن بھی شامل تھے۔

کینیا کی حکومت اغوا کے ان واقعات کاالزام صومالیہ کی عسکریت پسند تنظیم الشباب پر عائد کرتی ہے اور اس نے عسکریت پسندوں کاپیچھا کرنے کے لیے اپنے فوجی دستے صومالیہ بھیجے ہیں۔

الشباب اغوا کے کسی واقعہ میں ملوث ہونے سے انکار کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG