کینیڈا کی ایک آئل کمپنی نے کہاہے کہ اس نے صومالیہ کے ایک نیم خودمختار علاقےارض البنط( پونٹ لینڈ )میں دو مقامات پر تیل کی تلاش کے لیے کھدائی کاکام شروع کردیا ہے۔
وینکوئر میں قائم ایک افریقی آئل کمپنی کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ کمپنی کے ایک یونٹ ’ہارن پٹرولیم‘ وادی دھارور اور شابیل میں کنوؤں کی کھدائی کررہی ہے۔
بیان کے مطابق دونوں علاقے ایک ایسے زون کے ساتھ واقع ہیں جہاں سے یمن میں تیل نکالا جارہاہے۔
کمپنی کا کہناہے کہ مطلوبہ گہرائی تک کھدائی میں اسے تقریباً تین ماہ لگ سکتے ہیں، جہاں کمپنی کو توقع ہے کہ لگ بھگ 30 کروڑ بیرل تیل موجود ہے۔
افریقہ آئل کمپنی کا کہناہے کہ جنگ زدہ علاقے صومالیہ میں تیل کی تلاش کے لیے کھدائی کا کام تقریباً 20 سال کے بعد شروع کیا گیا ہے۔
ہارن پٹرولیم کے صدر ڈیوڈ کریل مین نے کہاہے کہ ان کی کمپنی کو مقامی حکومت اور کمیونٹیز کا تعاون حاصل ہے جو اپنے علاقے کی ترقی کے خواہش مند ہیں۔