رسائی کے لنکس

صومالیہ میں دو بم دھماکوں میں 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی


صومالی پولیس اہل کار خودکش حملے کے مقام پر شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔ 4 جولائی 2020
صومالی پولیس اہل کار خودکش حملے کے مقام پر شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔ 4 جولائی 2020

ہفتے کے روز صومالیہ کے دو بڑے شہر زور دار دھماکوں سے گونج اٹھے۔ عہدے داروں نے بتایا کہ پہلا دھماکہ ایک خودکش حملے کا تھا جس میں خودکش بمبار نے موغادیشو میں بارود سے بھری ہوئی کار کو دھماکے سے اڑا دیا۔

دوسرا دھماکہ بیدوا کے مضافات میں واقع ایک ریستوران میں ایک بارودی سرنگ سے کیا گیا۔ ان دونوں دھماکوں میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔ اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 15 ہے۔

صومالیہ کی جنوب مغربی ریاست کے ایک عہدے دار علی عبدالحئی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ صبح کے رش کے اوقات میں ریمورٹ کنٹرول سے کیا گیا۔ اس دھماکے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

فوری طور پر کسی بھی گروپ نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ لیکن ماضی میں اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری القاعدہ سے منسلک ایک عسکری گروپ الشباب قبول کرتا آیا ہے۔

موغا دیشو کے پولیس کمشنر احمد علی نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے اپنی کار، گاڑیوں کے درآمدی ادارے کے ہیڈکواٹرز کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی، جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور گہرے دھوئیں کے بادل آسمان کی جانب بلند ہونے لگے۔

صومالیہ کی وزارت اطلاعات کے ترجمان اسماعیل مختار نے بتایا کہ موغادیشو کے حملے میں خودکش بمبار نے پہلی چیک پوسٹ پر پہنچ کر اپنی کار کی رفتار بڑھا دی اور وہ تیزی سے آگے نکلا، جس پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہل کاروں نے گولی چلا دی۔ اس کے نتیجے میں گاڑی مرکزی دروازے کے قریب پہنچ کر دھماکے سے تباہ ہو گئی۔

پولیس فورس کے ترجمان صادق عدن علی نے بتایا کہ اس حملے میں پانچ پولیس اہل کار بھی زخمی ہوئے۔

دہشت گردی کے زیادہ تر واقعات میں الشباب گروپ حملوں کے لیے خودکش بمباروں کا استعمال کرتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG