رسائی کے لنکس

صومالیہ نے متحدہ عرب امارات کے ضبط شدہ 96 لاکھ ڈالرز واپس کر دیے


 صومالیہ کے وزیر اعظم محمد حسین روبلے (فائل فوٹو)
صومالیہ کے وزیر اعظم محمد حسین روبلے (فائل فوٹو)

چار سال پہلے صومالیہ کی انٹیلی جینس ایجنسی نے موگا دیشو میں متحدہ عرب امارات کے طیارے میں موجود 96 لاکھ ڈالر ضبط کرلیے تھے ، جنہیں اب صومالیہ کی حکومت نے واپس کردیا ہے۔ وی اے او کی صومالی سروس کو انٹرویو دیتے ہوئے صومالیہ کے نائب وزیراطلاعات عبدالرحمان یوسف الادالا نے بتایا کہ یہ رقم متحدہ عرب امارت کو روانہ کر دی گئی ہے۔

صومالیہ کے اس اقدام سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی صورت نکلی ہے۔ کچھ معتبرسرکاری ذرائع کے مطابق صومالیہ کے وزیر اعظم محمد حسین روبلے اپنےایک وفد کے ہمراہ بدھ کوذاتی طور پر یہ رقم متحدہ عرب امارات کو واپس کرنے گئے تھے۔

رقم کی واپسی سے تین دن قبل صومالیہ کے قانون سازوں نے نئے صدرکومنتخب کیا تھا۔ نئے صدر حسّان شیخ محمد نے ابھی اپنے عہدے کا حلف نہیں اٹھایا ہے۔ اسی لیے باور کیا جاتا ہے کہ وزیراعظم محمد حسین نے اپنے طور پر رقم واپسی کا فیصلہ کیا ہوگا۔

واضح رہے کہ اپریل 2018 میں دارالحکومت موگا دیشو کے انٹرنیشنل ہوائی اڈّے پر اترنے والے متحدہ عرب امارات کے رائیل جیٹ ایرلائین کے طیارے میں پائے جانے والے سوٹ کیسوں میں یہ رقم ملی تھی، جسے صومالیہ کی قومی انٹیلی جینس اینڈ سیکورٹی ایجنسی نے ضبط کر لیا تھا۔ سیکورٹی حکام نے وی اے او کو بتایا کہ ضبط کی جانے والی رقم غیرقانونی طور پر لائی گئی تھی اوراس کا مقصد ملک کی سیکورٹی کو درہم برہم کرنا تھا۔ ادھر صومالیہ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اس الزام کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ یہ رقم صومالیہ کی وزارت دفاع کودی جانی تھی، تاکہ صومالیہ کے فوجیوں کو تنخواہ دی جا سکے۔

اس واقعے کے بعد دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات خاصے خراب ہو گئے تھے۔ متحدہ عرب امارات نے فوری طور پرصومالیہ میں فوجی تربیت گاہیں بند کردیں اورموگا دیشو میں شیخ زید ہسپتال بھی بند کر دیا تھا۔

اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی سطح پر تلخی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ صومالیہ کے سابق صدر نے متحدہ عرب امارات پر الزام لگایا تھا کہ وہ صومالیہ کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کر رہا ہے۔ تاہم، اپریل میں صومالیہ کے وزیراعظم روبلے نے رقم ضبط کرنے کے معاملے پر معافی مانگی تھی اور اسے واپس کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے فیس بک پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ہم اپنے کیے پر نادم ہیں اورامید کرتے ہیں کہ ہمارا برادر ملک ہمیں معاف کر دے گا۔

ایک تازہ بیان میں متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے وزیر اعظم روبلے کا نقد رقم واپسی کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔

توقع کی جارہی ہے اب دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی اورمتحدہ عرب امارات اپنی امداد بحال کر دے گا۔

XS
SM
MD
LG