کوئنٹن ڈی کوک کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 303رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کو جیت کے لئے381رنز کا مشکل ہدف ملا ہے جو اس سیریز میں پاکستان کے کسی بھی اننگز کے سب سے زیادہ اسکور(294)سے 87رنز زیادہ ہے۔
جوہانسبرگ ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے 135رنز 5کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی۔ ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے چھٹی وکٹ کی شراکت کو آگے بڑھاتے ہوئے آج مزید 60رنز بنائے اور مجموعی طور پر 102 رنزجوڑ ے نیز ٹیم کا اسکور 195 تک پہنچاکر پوزیشن مستحکم کردی۔
اس موقع پر ہاشم آملہ 71رنز بناکر حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے،فلینڈر 14 رنز بناکر محمد عامر کی شاندار یارکر گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس دوران ڈی کوک نے قیمتی سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی مجموعی طور پر چوتھی سنچری ہے۔ڈی کوک نے دوسال سے زائد عرصے کے بعد سنچری بنائی ہے۔
ڈی کوک نے سنچری مکمل کرنے کے بعد زیادہ تیزی سے رنز بنائے جبکہ ربادا نے بھی پاکستانی بولرز کا بھرپور سامنا کیا اور آٹھویں وکٹ کے لئے 79 رنز بناکر میچ پر جنوبی افرافریقہ کی گرفت مضبوط کردی۔ مجموعی اسکور 302 ہوا تو ڈی کوک 129 رنز بناکر ربادا کا ساتھ چھوڑ گئے۔
اگلے ہی اوور میں ربادا بھی 21رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ اولیویئر صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے اور جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 303 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
یوں پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 381 رنز کا نسبتاً مشکل ہدف ملا ۔
پاکستان کی طر ف سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے تین، تین ، محمد عامر نے دو جبکہ محمد عباس اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔