جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زُوما پیر کے روز اپنی تیسری بیوی سے باضابطہ شادی کررہے ہیں۔
عہدے داروں اور اُن کے خاندان کے ارکان کا کہنا ہے کہ مسٹر زُوما اپنے آبائى گاؤں این کانڈلا میں زُولو قبیلے کی ایک روایتی تقریب میں تھوبیکا مابھیجا سے شادی کریں گے۔
مسٹر زُوما نے تقریباً دو سال پہلے مابھیجا کے خاندان کو تَوبولو یعنی دُلہن کی قیمت ادا کردی تھی۔ اور اطلاعات کے مطابق اس جوڑ ے کے پہلے ہی بچّے پیدا ہوچکے ہیں۔
اسی دوران جنوبی افریقہ کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ مسٹر زُوما ایک اور دلہن کے لیے بھی تَوبولو ادا کرچکے ہیں اور اس خاتوں کا نام بونگی این گیما بتایا گیا ہے۔
زُولو قبیلے کے ایسے مردوں میں کثیر ازواجی کی روایت عام ہے، جو معاشی اعتبار سے اس کے متحمّل ہو سکیں۔ مسٹر زوما اپنی موجودہ تین بیویوں کے علاوہ ماضی میں دو اور بیویوں کے شوہر بھی رہ چکے ہیں۔
حکومت کی صدارتی ویب سائٹ کے مطابق، مسٹر زُوما کے 19 بچّے ہیں۔
مقبول ترین
1