ڈھاکہ میں ہفتہ کوگروپ بی کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 28 اوورز میں محض 78 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پیٹرسن نے چار، ٹسوٹسوب نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح دسویں کرکٹ عالمی کپ کی مشترکہ میزبان ٹیم بنگلہ دیش اس میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔ جنوبی افریقہ پہلے ہی کوارٹرفائنلز مرحلے کے لیے کوالی فائی کرچکا تھا جب کہ بنگلہ دیش کے لیے اس مرحلے میں پہنچنے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی تھا۔
جنوبی افریقہ گروپ بی میں چھ میچ کھیل کر دس پوائنٹس کے سرفہرست ہے جبکہ بنگلہ دیش نے چھ میچ کھیل کر چھ پوائنٹس حاصل کیے۔