رسائی کے لنکس

دنیا کے سب سے طاقتور راکٹ کا پہلا کمرشل مشن


سپیس ایکس راکٹ کینیڈی سپیس سینٹر سے روانہ ہو رہا ہے۔ اس طاقت ور راکٹ کے ذریعے ایک سٹیلائٹ خلا میں پہنچایا جائے گا۔ 12 اپریل 2019
سپیس ایکس راکٹ کینیڈی سپیس سینٹر سے روانہ ہو رہا ہے۔ اس طاقت ور راکٹ کے ذریعے ایک سٹیلائٹ خلا میں پہنچایا جائے گا۔ 12 اپریل 2019

نام فیلکن ہیوی، جسامت 23 منزلہ عمارت سے بھی زیادہ، امریکی ریاست فلوریڈا میں کینیڈی سپیس سینٹر سے اپنی پہلی کمرشل پرواز کے لئے روانہ ہونے والا یہ راکٹ، امریکی ارب پتی ایلان مسک کی کمپنی سپیس ایکس نے تیار کیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ اسے فوجی ساز و سامان لے جانے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

امریکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بتایا ہے کہ اس سے پہلے سپیس ایکس کے مالک مسک نے فیلکن کو ایک تجرباتی پرواز کے ذریعے اپنی بجلی سے چلنے والی خوبصورت سرخ ’’ٹیسلا ‘‘کار خلاء میں پہنچانے کے لئے استعمال کیا تھا۔

’’33 سیکنڈز کی یہ پرواز 51 لاکھ پاؤنڈ گیسوں کے اخراج سے ممکن ہوئی۔ اور فیلکن ہیوی خلاء کی جانب روانہ ہے۔‘‘

یہ تھا وہ اعلان جو سپیس ایکس کی اس پرواز کا آنکھوں دیکھا حال بیان کرنے والے کمنٹیٹر جان انسپرکر نے کیا۔

لگ بھگ 3 منٹ بعد فیلکن ہیوی کے بوسٹر راکٹ سے الگ ہو گئے اور کیپ کنیورل ائیر فورس سٹیشن پر شاندار لینڈنگ کے ساتھ ہی کیلی فورنیا میں سپیس ایکس کے ہیڈکوارٹرز میں انجنئیرز نے خوشی سے نعرے بلند کئے۔

2018 میں امریکی ائیر فورس نے سپیس ایکس کو 130 ملین ڈالر کا خفیہ فوجی سیٹلائٹ خلاء میں پہنچانے کا ٹھیکہ دیا تھا۔ کل 297 ملین ڈالر کے اس ٹھیکے میں 3 مزید مشن بھی شامل تھے۔

سپیس ایکس کمپنی کا مقابلہ بوئنگ کے ساتھ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ہی انسانوں کو کمرشل پروازوں کے ذریعے خلاء میں پہنچانے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور ان کی کوششیں کم از کم ایک عشرے سے جاری ہیں۔ اسی کوشش میں مارچ میں ناسا کے ایک پروگرام کے تحت سپیس ایکس نے فیلکن 9 راکٹ پر ایک کیپسول نصب کیا اور اسے انسان کے بغیر خلاء میں بھیجا۔ اب اگلا مشن جولائی میں بھیجا جائے گا جس میں عملے کے لوگ بھی ہوں گے۔ فیلکن ہیوی کے ذریعے سعودی عرب میں قائم ٹیلی کام کمپنی ارابسیٹ کے لئے ایک سیٹلائٹ بھی روانہ کیا گیا جو افریقہ، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کو انٹرنیٹ اور ٹیلی وژن کی سروس مہیّا کرے گا۔

ایک زمانہ تھا جب بجلی سے چلنے والی کار کا تصور بھی ممکن نہیں تھا۔ مگر سپیس ایکس نے ٹیسلا بناکر اسے ممکن کر دکھایا۔ اب کمرشل راکٹ فیلکن ہیوی لوگوں کو خلاء میں بھی لے جا سکتا ہے بس آپ کے پاس 5 سے 92 ملین ڈالر ہونا ضروری ہیں۔

XS
SM
MD
LG