رسائی کے لنکس

اسپیس ایکس نے 2023 کا اپنا پہلا خلائی مشن لانچ کر دیا


فالکن 9 راکٹ :فائل فوٹو
فالکن 9 راکٹ :فائل فوٹو

خلائی جہاز اور راکٹ بنانے اور انہیں لانچ کرنے والی امریکی کمپنی اسپیس ایکس نے 2023 کا اپنا پہلا راکٹ منگل کی صبح لانچ کیا جس کے ذریعے 100 سے زیادہ سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گئے جو زراعت، سمندری نگرانی اور ریڈیو اسکروٹنی کےلیے متعدد سہولیات فراہم کریں گے۔

انسانوں اور سامان کو زمین کے مدار تک لے جانے والے راکٹ فالکن 9 نے ، جسے اسپیس ایکس نے تیار کیا ہے اور جو دو مرحلوں میں کام کرتا ہے، منگل کے روز کیپ کانیورل اسپیس فورس اسٹیشن سے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 56 منٹ پر ٹرانسپورٹر۔6 خلاکی جانب روانہ کیا ۔

سپیس ایکس نے کہا ہے کہ اس پرواز میں 114 سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گئے ہیں، جن میں کیوب سیٹس، مائیکروسیٹس، پیکوسیٹس اور مدار کی ٹرانسفر گاڑیاں شامل ہیں جن میں بعد میں متعین کیے جانے والے خلائی جہاز موجود ہیں۔

یو پی آئی کے مطابق زمینی مسائل کے خلائی حل سے متعلق بین الاقوامی کمپنی ، ای او ایس ڈی اے کی جانب سے بھیجے گئے اس مشن میں سات زرعی سیٹلائٹ شامل ہیں جومربوط ہو کر کام کریں گے ۔

ای او ایس ڈی اے ، کے سی ای او آرٹیوم انیسیموف نے کہا کہ کمپنی کی اس لانچنگ سے زرعی انڈسٹری میں سیٹلائٹ ٹیکنالوجیز کے استعمال کے نئے روشن امکانات سامنے آئیں گے ۔

فالکن 9 راکٹ : فائل فوٹو
فالکن 9 راکٹ : فائل فوٹو

آرٹیوم نے کہا کہ ان کی کمپنی اب کمرشل ڈیٹا سیٹس کے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنے صارفین اور شراکت داروں کو مزید گہری اور زیادہ درست معلومات فراہم کرے گی۔

نیا لانچ کیا گیا ایگری کلچرل سیٹلائٹ روشنی کے 11 بینڈز استعمال کرتے ہوئے روزانہ 386 ہزار میل رقبے کا معائنہ کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ ریسرچ کاشتکاروں کو دوسرے فوائد کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی فصلوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے ، کاربن ڈائی آکسائڈ کے اخراج میں کمی ، تونائی کی کھپت اور پانی کے استعمال کے نئے متبادل طریقے فراہم کرے گی ۔

ای او ایس ڈی اے ، کا کہنا ہے کہ جب سیٹلائٹس کا یہ پورا گروپ 2025 تک ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرلے گا تو یہ ہر روز 4 اعشاریہ 6 ملین اسکوائر میل رقبے کا جائزہ لینے کے قابل ہو جائے گا جو امریکہ کے کل رقبے کےمساوی رقبے سے لگ بھگ ایک تہائی زیادہ ہو گا۔

فالکن 9 راکٹ : فائل فوٹو
فالکن 9 راکٹ : فائل فوٹو

ان سات سیٹلائٹس کے ذریعے ان 100 ملکوں کا مطالعہ کیا جائے گا جہاں جنگلات اورخشکی کا رقبہ زیادہ ہے۔

مشترکہ کمرشل خلائی سواریوں پر مشتمل ، اسپیس ایکس ٹرانسپورٹر مشنز کے تحت ،درجنوں چھوٹے سیٹلائٹس ایک واحد فالکن 9 راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجےجاتے ہیں ۔

سپیس ایکس نے اپنی سب سے بڑی کمرشل سطح کی مشترکہ پرواز 24 جنوری 2022 میں کی تھی جب فالکن 9 نے خلا میں 143 سیٹلائٹ چھوڑے تھے ۔

ٹرانسپورٹر 6 مشن کو ابتدائی طور پر اکتوبر 2022 میں لانچ کیا جانا تھا لیکن آخر کار یہ منگل کو لانچ ہوا ۔ خلائی کمپنی نے کہا ہے کہ 2023 میں تین مزیدٹرانسپورٹر مشنز لانچ کیے جائیں گے یعنی ہر سہ ماہی میں ایک سیٹلائٹ ۔

XS
SM
MD
LG