رسائی کے لنکس

اسپین: حاملہ خاتون کے لیے ایمرجنسی لینڈنگ، 14 افراد ائیرپورٹ سے فرار


حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں موجود ایک حاملہ مسافر کو زچگی کے لیے امداد دینے کے لیے طیارے کو ائیرپورٹ پر اتارا گیا تھا، فائل فوٹو
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں موجود ایک حاملہ مسافر کو زچگی کے لیے امداد دینے کے لیے طیارے کو ائیرپورٹ پر اتارا گیا تھا، فائل فوٹو

ہسپانوی پولیس ان 14 افراد کی تلاش میں ہے جو بدھ کے روز بارسلونا ایئرپورٹ سے اس وقت فرار ہوگئے جب ان کے طیارے نے ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں موجود ایک حاملہ مسافر کو زچگی میں مدد فراہم کرنے کے لیے طیارے کو ایئرپورٹ پر اتارا گیا تھا۔

کیٹیلونیا کے علاقے میں سپین کی حکومت کے دفتر نے بتایا کہ پیگسس ایئرلائن کی فلائٹ مراکش میں کاسابلانکا شہر سے استنبول کی جانب پرواز کر رہی تھی۔ اس طیارے میں 228 کے قریب مسافر موجود تھے۔ اس دوران جوزیب تاراڈیلاس بارسلونا ایئرپورٹ پر اس طیارے کی جانب سے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت کی درخواست کی گئی۔

حکام کے مطابق طیارے سے خاتون کو طبی امداد کے لیے اتارے جانے کے دوران طیارے سے 27 افراد نے اتر کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس 13 افراد کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی جب کہ اس دوران 14 افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے حاملہ خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اگرچہ خاتون حاملہ ہیں لیکن ان کے دعوے کے مطابق ابھی زچگی کا وقت نہیں آیا تھا۔

پولیس کی جانب سے پکڑے جانے والے 13 افراد میں سے پانچ نے طیارے میں واپس جانے کے پولیس کے حکم کی تعمیل کی جب کہ دیگر 8 افراد کو سپین سے واپس بھیجنے کا عمل جاری ہے اور انہیں پیگسس ایئرلائن کی اگلی فلائٹ پر ملک سے باہر بھیج دیا جائے گا۔

ہسپانوی حکومت نے ان فرار ہونے والے افراد کی قومیتوں سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

اس خبر کے لیے مواد اے پی سے لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG