|
دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے کھیل فٹ بال کے دو بڑے ایونٹس 'کوپا امریکہ' اور 'یورپیئن چیمپئن شپ' اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
ارجنٹائن نے منگل کو کینیڈا کے خلاف کھیلتے ہوئے اسے صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر کوپا امریکہ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جب کہ یورپیئن چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ارجنٹائن کی ٹیم مسلسل تیسری بار کوپا امریکہ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ فائنل میں اس کا مقابلہ یوروگوئے اور کولمبیا کے درمیان بدھ کو کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہو گا۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن اور یوروگوئے کی ٹیمیں 15، 15 بار کوپا امریکہ کا ٹائٹل جیت چکی ہیں جب کہ برازیل نو مرتبہ فاتح رہی ہے۔
کوپا امریکہ میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں شامل ہیں۔ کینیڈا پہلی مرتبہ سپر فور مرحلے میں پہنچی تھی۔
منگل کو کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کا پلڑا بھاری رہا اور میچ کے شروع سے ہی ارجنٹائن کے اسٹرائیکرز نے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر حملے جاری رکھے۔
میچ کے 22ویں منٹ میں جولیان الواریز نے گول کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی اور پھر 51 ویں منٹ میں لیونل میسی نے گول کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ کینیڈین فٹ بالر کئی کوششوں کے باوجود مقررہ وقت کے دوران ایک بھی گول نہ کر سکے۔
میچ جیتنے کے بعد لیونل میسی کا کہنا تھا کہ یہ ان کا آخری کوپا امریکہ کپ ہے اور وہ آخری لمحات سے محظوظ ہو رہے ہیں۔
میسی نے اب تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ وہ 2026 کے فٹ بال ورلڈکپ میں ارجنٹائن کی نمائندگی کریں گے یا نہیں۔ تاہم وہ کوپا امریکہ کپ کو اپنے کریئر کا آخری ایونٹ قرار دے رہے ہیں۔
فرانس ایونٹ سے باہر، اسپین فائنل میں
دوسری جانب جرمنی میں جاری یورپیئن چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ہسپانوی ٹیم 12 برس بعد کسی ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
جرمنی کے شہر میونخ میں منگل کو کھیلے جانے والے میچ کے نویں منٹ میں ہی فرانسیسی کھلاڑی دینڈل کولو مانی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ لیکن 16 سالہ ہسپانوی کھلاڑی لمائن یمل نے 22ویں منٹ میں گول کر کے میچ 1-1 سے برابر کر دیا۔
اس گول کے بعد لمائن یمل یورپیئن چیمپئن شپ کی تاریخ میں کم عمر ترین گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
فرانس کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کرنے والے ہسپانوی ٹیم کو میچ کے 25ویں منٹ میں دوسری کامیابی اس وقت ملی جو دانی اولمو نے بال مخالف ٹیم کی گول پوسٹ میں ڈالی۔
ہسپانوی ٹیم ملنے والی 1-2 کی برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور اس طرح ایونٹ کی مضبوط ٹیم فرانس فائنل کھیلنے کا خواب لیے باہر ہو گئی۔
تین مرتبہ کی چیمپئن اسپین کی ٹیم یورو چیمپئن میں لگاتار چھ میچز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے اور وہ چوتھی مرتبہ ٹائٹل جیتنے سے محض ایک میچ کی دوری پر ہے۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل انگلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی شب 12 بجے کھیلا جائے گا اور فاتح ٹیم 15 جولائی کو ایونٹ کے فائنل میں اسپین کے مدِ مقابل ہو گی۔
فورم