رسائی کے لنکس

میسی کے ہاتھوں میں نہانے والا کمسن بچہ آج اسٹار فٹ بالر بن گیا


  • سوشل میڈیا پر ایک پرانی تصویر وائرل ہو رہی ہے جس میں اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کو ایک بچے کو نہلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
  • یہ تصویر خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے فوٹوگرافر جان مونفرٹ نے 2007 میں بچوں کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی ایک مہم کے دوران لی تھی۔
  • سترہ برس قبل میسی باتھ ٹب میں جس بچے کو نہلا رہے تھے وہ بچہ اب اسپین کی قومی فٹ بال ٹیم کا حصہ ہے۔
  • اس بچے کا نام لمائن یمل تھا جس کی عمر اب 16 برس سے زائد ہو چکی ہے۔
  • لمائن یمل کو یورپین چیمپئن شپ میں سب سے کم عمر کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہے۔

ویب ڈیسک—فوٹوگرافر جان مونفرٹ جب 17 برس قبل ابھرتے ہوئے فٹ بالر لیونل میسی کی ایک تقریب کے دوران تصویر لے رہے تھے تو انہیں یقین تھا کہ ایک دن میسی دنیا کے بڑے فٹ بالر بنیں گے۔ لیکن ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ فوٹو سیشن کے دوران وہ بچہ جو میسی کے ہاتھ میں ہے وہ بھی اسٹار فٹ بالر بنے گا۔

ارجنٹائن کے معروف فٹ بالر لیونل میسی کی تصویر ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں میسی کو چار ماہ کے بچے کو نہلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یہ تصویر خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے فوٹوگرافر جان مونفرٹ نے 2007 میں بچوں کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی ایک مہم کے دوران لی تھی۔

یہ اس زمانے کی بات ہے جب میسی محض 20 برس کے تھے اور وہ ارجنٹائن کی نیشنل ٹیم کے ساتھ ساتھ فٹ بال کلب بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے دنیائے فٹ بال میں اپنا نام بنا رہے تھے۔

سترہ برس بعد آج میسی دنیا کے اسٹار فٹ بالر ہیں۔ لیکن وہ بچہ جسے میسی نہلا رہے تھے وہ بھی آج نہ صرف اسپین کی نیشنل ٹیم کا حصہ ہے بلکہ جرمنی میں ان دنوں جاری ورلڈ یورپیئن چیمپئن شپ کھیل رہا ہے۔

یہ بچہ کوئی اور نہیں بلکہ لمائن یمل ہے جنہیں یورپین چیمپئن شپ میں سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

لمائن کی عمر اس وقت 16 برس ہو چکی ہے اور وہ اب تک ایونٹ میں اسپین کے بہترین کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔

اسپین کی ٹیم یورپیئن چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے جہاں اس کا مقابلہ منگل کی شب پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجے فرانس سے ہو گا۔

گزشتہ ہفتے یمل کے والد نے انسٹاگرام پر میسی کے ساتھ اپنے بیٹے کے بچپن کی تصویر شیئر کی اور اس پر لکھا کہ " دو لیجنڈز کی ابتدا"۔ جس کے بعد یہ تصویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

جب یہ تصویر فوٹوگرافر مونفرٹ تک پہنچی تو انہیں معلوم نہیں تھا کہ میسی جس بچے کو نہلا رہے ہیں وہ ان دنوں یورپین چیمپئن شپ میں اسپین کی نمائندگی کر رہا ہے۔

لمائن یمل کی عمر 16 برس ہے اور وہ فٹ بال کلب بارسلونا کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اسٹار فٹ بالر لیونل میسی بھی اس کلب کا حصہ رہے چکے ہیں۔
لمائن یمل کی عمر 16 برس ہے اور وہ فٹ بال کلب بارسلونا کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اسٹار فٹ بالر لیونل میسی بھی اس کلب کا حصہ رہے چکے ہیں۔

مونفرٹ کے ایک دوست نے انہیں بتایا کہ 2007 میں ان کی لی گئی تصویر میں نظر آنے والا بچہ آج اسپین کا اسٹار فٹ بالر بن چکا ہے۔

مونفرٹ 1991 سے اسپورٹس فوٹوگرافر ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی تصاویر پر پہلے کبھی اتنی خوشی نہیں ہوئی جتنی میسی اور یمل کی اس تصویر پر ہو رہی ہے۔

انہوں نے میسی کی اس تصویر کے بارے میں بتایا کہ یونیسیف اور مقامی اخبار ڈائیورو اسپورٹس کے تعاون سے فنڈ اکٹھا کرنے کی ایک سالانہ تقریب کے دوران وہ فوٹوشوٹ کے انچارج تھے جس وقت انہوں نے یہ تصویر لی۔

فوٹوگرافر مونفرٹ کے مطابق میسی بہت شرمیلے تھے اور انہیں علم ہی نہیں تھا کہ بچے کو کس طرح اٹھاتے ہیں۔
فوٹوگرافر مونفرٹ کے مطابق میسی بہت شرمیلے تھے اور انہیں علم ہی نہیں تھا کہ بچے کو کس طرح اٹھاتے ہیں۔

ان کے بقول یہ تصویر اسپین کے ایک قصبے ماتارو میں لی گئی جہاں لمائن کا خاندان آباد تھا۔

فوٹو شوٹ کے دوران کم سن بچے کو ایک باتھ ٹب میں نہلانا تھا اور یہ کام بچے کی والدہ اور میسی کو سرانجام دینا تھا۔

مونفرٹ کے مطابق میسی بہت شرمیلے تھے اور انہیں علم ہی نہیں تھا کہ بچوں کو کس طرح نہلاتے ہیں یا بچے کو کس طرح اٹھاتے ہیں۔

اس تحریر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG