اسپین کی فضائی کمپنی آئبیریا نے پائلٹوں کے ہڑتال پر چلے جانے کے باعث اپنی 150 پروازیں گراؤنڈ کردی ہیں۔
پائلٹ اپنی کمپنی کی جانب سے کم خرچ سروس آئبیریا ایکسپریس کے آغاز پر احتجاج کررہے ہیں۔
کمپنی کے پائلٹوں کا کہناہے کہ وہ آج سے 20 جولائی تک ہر پیر اور جمعے کے دوران 30 مرتبہ ہڑتال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان کا کہناہے کہ برٹش ایئر ویز میں ضم ہوکر کم خرچ سروس کا آغاز ان کی ملازمتوں، کام کے حالات اور لیبر معاہدے کی خلاف ورزی ہیں ۔
کم خرچ آئبیریا ایکسپریس کا آغاز گذشتہ ماہ کے آخر ہوا تھا۔ اسپین کے شہروں اور کئی یورپی مقامات کے چھوٹے روٹس پر پروازوں کے آغاز کا مقصددیگر مقامات کے لیے لمبی فلائٹس کو سہولت فراہم کرنا تھا۔
کمپنی کے مالک انٹرنیشنل ایئرلائنز گروپ کا کہناہے کہ کم خرچ پروازیں شروع کرنے کا مقصد منافع میں اضافہ کرنا ہے۔