رسائی کے لنکس

مشرق وسطیٰ امن کے لیے خصوصی امریکی ایلچی مستعفی


مارٹن انڈیک
مارٹن انڈیک

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہونے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ امریکی ایلچی مستعفی ہوسکتے ہیں۔

اسرائیل اور فلسطین کے مذاکرات کی نگرانی کرنے والے خصوصی امریکی ایلچی مارٹن انڈیک مستعفی ہوگئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ان کے استعفے کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہونے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ امریکی ایلچی مستعفی ہوسکتے ہیں۔

62 سالہ انڈیک اب واشنگٹن میں قائم بروکنگز انسٹی ٹیوٹ واپس آجائیں گے جہاں وہ نائب صدر اور خارجہ پالیسی کے ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔

وہ بل کلنٹن کے دور میں اسرائیل کے لیے امریکی سفیر رہنے کے علاوہ مشرق قریب کے امور کے نائب سیکرٹری کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ انھیں گزشتہ سال جولائی میں خصوصی ایلچی مقرر کیا گیا تھا۔

انڈیک کے نائب فرینک لوئنسٹیئن عبوری طور پر خصوصی ایلچی کے فرائص سنبھالیں گے۔

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اسرائیل اور فلسطین کے مشکل مذاکراتی عمل میں پیش رفت کے لیے انڈیک کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے تین سال سے تعطل کے شکار مذاکرات کو نو ماہ کے اندر اندر ایک حکمت عملی کے تحت کسی معاہدے تک پہنچنے کی مدت متعین کی تھی۔ لیکن یہ سلسلہ رواں سال اپریل میں ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگیا۔

اسرائیل نے حماس کے ساتھ فلسطین کے ایک معاہدے کی وجہ سے مذاکرات سے علیحدگی اختیار کر لی جب کہ فلسطین اپنی مستقبل کی ریاست میں شامل کیے جانے والے علاقو میں اسرائیل کی طرف سے تعمیرات جاری رکھنے پر برہم ہے۔

جان کیری نے ایک بیان میں انڈیک کے کام کی تعریف کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔

XS
SM
MD
LG