معروف کورین سیریز 'اسکوئڈ گیمز' کے مداح اب ایک بار پھر سسپینس سے بھرپور سیریز دیکھنے کے لیے تیار ہو جائیں کیوں کہ رواں برس ہی اسکوئڈ گیم کا سیزن ٹو ریلیز ہونے جا رہا ہے۔
نیٹ فلکس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ڈرامہ اور سسپنس سے بھرپور سیریز’اسکوئڈ گیم‘ کا سیزن ٹو , نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔
تاہم دوسرے سیزن کی ریلیز کی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔
امریکی جریدے 'فوربز' کے مطابق اس سیزن میں 456 شرکا گیم میں حصہ لیں گے اور جیتنے والا شخص 45 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی رقم حاصل کر سکے گا۔
یہ دوسرا سیزن تقریباً دو برس بعد ریلیز کیا جائے گا جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی کوریا کے ہدایت کار ہنگ ڈنک یوک کی پہلی سیریز 'اسکوئڈ گیم' ستمبر 2021 میں ریلیز ہوئی تھی، جس نے آتے ہی دھوم مچا دی تھی اور ہر جگہ اس ویب سیریز کے چرچے تھے۔
اس ویب سیریز کو اب تک کروڑوں صارفین نہ صرف دیکھ چکے ہیں بلکہ ان کی جانب سے اس سیریز کو بے حد پسند بھی کیا گیا۔
اسکوئڈ گیم کے سیزن-ون میں قرض میں ڈوبے لوگوں کو مجبوری کے عالم میں ایک ایسے کھیل کا حصہ دکھایا گیا تھا جس میں سینکڑوں افراد کو پیسے کا لالچ دے کر مختلف کھیل کھیلائے جاتے ہیں اور ہارنے والا زندگی کی بازی ہار جاتا ہے۔