سری لنکا کی ایک عدالت نے حکومت پر تنقید کرنے والے ایک نیوز ویب سائٹ کے ایڈیٹر کی ضمانت منظور کرلی ہے ۔ اس کی گرفتاری پر سری لنکا کو بڑے پیمانے پر بین الاقوامی تنقید کا سامناکرنا پڑرہاتھا۔
بینٹ روپاسنگھے کو ضمانت کے بعد جمعرات کورہا کردیا گیا۔ انہیں پچھلے ہفتے اپنے اخبار لنکے نیوز ڈاٹ کام کے دفتر پر حملہ کرنے والے ایک شخص کو مبینہ طورپر دھمکانے کے الزام میں پچھلے ہفتے گرفتار کیا گیاتھا۔ ان کے دفتر پر یہ حملہ اس سال کے شروع میں ہواتھا۔
صحافیوں کے حقوق کی ایک تنظیم نے کہاہے کہ روپاسنگھے کی گرفتاری قابل اعتراض انداز میں کی گئی تھی۔ انہوں نے سری لنکا کی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ حکومت مخالف میڈیا کو چپ کرانے کی کارروائیاں کررہی ہے۔
حالیہ برسوں میں سری لنکا میں بڑی تعداد میں صحافیوں کو دھمکایا جاچکاہے۔ کئی ایک کو اغوا کیا گیا اورکئی ایک صحافی ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
عدالتی حکام نے کہا ہے کہ روپاسنگھے کے مقدمے کی سماعت جولائی میں ہوگی۔