کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس ایشیا کے ایک ہفتے کے دور ے کے آغاز پر منگل کو سری لنکا پہنچے جہاں انھوں نے "انصاف، تکلیفوں کو کم کرنے اور اتحاد" کی ضروت پر زور دیا ہے۔
کولمبو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بات کرتے ہوئے پوپ نے کہا کہ سری لنکا میں جو کچھ اس کی طویل خانہ جنگی کے دوران ہوا اس سے متعلق "سچ کی تلاش" کی ضرورت ہے اور تعمیر نو کے لیے انسانی حقوق کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس میں معاشرے کے ہر رکن کی مکمل شمولیت ضروری ہے۔
پوپ بننےکے بعد ان کا ایشیا کا یہ دوسرا دورہ ہے جو چر چ کی طرف سے ترقی پذیر ملکوں کے لیے ان کے پروگرام کا حصہ ہے۔
سری لنکا کی غالب اکژیت بدھ مت کے ماننے والوں پر مشتمل ہے تاہم کیتھولک چرچ اپنے آپ کو اس معاشرے کو متحد کرنے والی ایک قوت سمجھتا ہے کیونکہ اس میں سنہالی اکثریت اور تامل اقلیت کے لوگ شامل ہیں۔ سنہالی آبادی کی اکثریت کا تعلق بدھ برادری سے ہے جبکہ تامل کی غالب اکثریت کا تعلق ہندو برادری سے ہے۔
سری لنکا کے دورے کے دوران پوپ فرانسس، 'جوزف واز' کو سری لنکا کا پہلا سینٹ قرار دیں گے۔ واز سترہویں صدی کے ایک مبلغ تھے جنہیں کیتھولک مذہب کا احیاء کرنےکے لیے سراہا جاتا ہے۔
جمعرات کو پوپ فلپائن جائیں گے جو ایشیا کا واحد ملک ہے جہاں کیتھولک عیسائیوں کی اکثریت ہے۔ پوپ فرانسس وہاں ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کریں گے جس میں متوقع طور پر لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔
پوپ فرانس فلپائن کا یہ دورہ آخری پوپ جان پال دوئم کے دورے کے بیس سال بعد کر رہے ہیں۔
اس دورے کے دوران وہ فلپائن کے 2013 کے سمندری طوفان سے متاثر ہونے والوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ویٹیکن کا کہنا ہے کہ پوپ اپنے ایشیا کے پورے دورے کے دوران ماحولیات، غربت اور خاندان کے موضوع پر بات کریں گے۔