رسائی کے لنکس

گال ٹیسٹ میں بھارت کو 63 رنز سے شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری لنکا کے بلے باز چندی مل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انھوں نے پہلی اننگز میں 59 اور دوسری اننگز میں ناقابل تسخیر 162 رنز بنائے۔

سری لنکا نے بھارت کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 63 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

گال میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز ہفتہ کو بھارت کی پوری ٹیم 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 112 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز 23 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی لیکن اسپنر رنگانا ہیراتھ تباہ کی کن بولنگ کے سامنے مہمان بلے باز بے بس نظر آئے اور یکے بعد دیگر ان کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔

بھارت کی دوسری وکٹ 30 رنز کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب ایشانت شرما دس رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کی جانب سے سریش رائنا نے ،36 شیکھر دھون نے 28، روہت شرما نے چار، کپتان وراٹ کوہلی نے تین، ساہا نے دو، ہربھجن نے ایک، ایشون نے تین اور امت مشرا نے 15 رنز بنائے۔

رنگانا ہیراتھ نے اس میچ میں مجموعی طور پر سات اور کوشل نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل میچ کے تیسرے دن سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 367 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے بھارت کو جیتنے کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 183 اسکور بنائے تھے جس کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 375 رنز بنا کر آوٹ ہوئی۔

بھارت کی طرف سے میچ میں ایشون نے دس، مشرا نے پانچ جبکہ ہربھجن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کے بلے باز چندی مل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انھوں نے پہلی اننگز میں 59 اور دوسری اننگز میں ناقابل تسخیر 162 رنز بنائے۔

سیریز کا دوسرا میچ 20 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG