سری لنکا نے آسٹریلیا کو چوتھے ایک روزہ میچ میں چار رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ 30 برسوں میں پہلی مرتبہ ہے کہ سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی سرزمین پر کوئی سیریز جیتی ہے۔
منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے 49 اوورز میں 258 رنز بنائے۔بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم چار رنز قبل ہی ہمت ہار گئی۔
سری لنکن بالرز کی جادوئی بالنگ نے آسٹریلوی بیٹرز کو 254 رنز تک محدود رکھا اور ٹارگٹ حاصل نہ کرنے دیا۔سری لنکن بالنگ کی خاص بات یہ تھی کہ کپتان دسون شناکا نے چھ اسپنرز کو آزمایا اور میچ میں 50 میں سے 43 اوورز اسپنرز نے کیے۔
سری لنکا کی جانب سے آسالانکا نمایاں بلے بار رہے جنہوں نے ون ڈے کریئر کی پہلی سینچری اسکور کی۔ انہوں نے 106 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 110 رنز اسکور کیے۔
دو سو انسٹھ رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹرز نے میچ کا آغاز کیا تو تین کے مجموعی اسکور پر کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ان کے بعد آنے والے کھلاڑیوں نے وفقے وقفے سے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔
ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم یہ میچ با آسانی جیت جائے گی۔آسٹریلوی بیٹرز نے وکٹ پر سیٹ ہو کر کھیلنے کی کوشش کی مگر سری لنکن بالرز نے اوپنر ڈیوڈ وارنر کے سوا کسی کو بھی جمنے نہیں دیا۔
ڈیوڈ وارنر نے 112 گیندوں پر 99 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ مچل مارش 26، مارنس لبوشین 14، وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری 19، ٹرویس ہیڈ 27، کیمرون گرین 13، پیٹ کمنز 35 اور میتھیو کوہن مین 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے آخری اوورز میں سری لنکن بالرز نے زبردست بالنگ کی۔ چھمیکا کارونارتنے نے پانچ اوورز میں صرف 19 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ دھنن جایا ڈی سلوا نے 10 اوورز میں 39 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دونوں میچ کے کامیاب ترین بالرز رہے۔
سری لنکا نے پانچ میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر کے نہ صرف سیریز اپنے نام کی بلکہ معاشی عدم استحکام کے شکار ملک کے باسیوں کو مشکل کی اس گھڑی میں جیت کا تحفہ بھی دیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔