رسائی کے لنکس

جنوبی سوڈان: بالائی نیل میں فوج اور باغیوں میں جھڑپیں


فائل
فائل

لِنڈا تھامس گرین فیلڈ، جِن کا تعلق واشنگٹن میں ’محکمہٴ خارجہ کے افریقی امور کے بیورو‘ سے ہے، جنوبی سوڈان کے راہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ مفاہمت کی کوششیں کریں۔ اُنھوں نے یہ بات کانگریس کمیٹی کی ایک سماعت کے دوران بیان دیتے ہوئے کہی

ریاستِ نیل کے شمالی بالائی علاقے میں بدھ کے روز جنوبی سوڈان کی فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی جاری رہی، ایسے میں جب اِس بات پر بین الاقوامی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے کہ دنیا کے اِس نوزائدہ ملک میں کشیدگی بڑھ کر مکمل خانہ جنگی کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔

فوج کے ترجمان، فلپ آگر نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ تیل سے مالا مال، ’مالاکل‘ کے علاقے میں، جو نیل کی بالائی ریاست کا دارالحکومت ہے، لڑائی جاری ہے۔

صدر سالوا کیئر کی وفادار فوجیں ملک کے سابق معاون سربراہ، ریک مچار کے سپاہیوں سے لڑ رہی ہیں، جنھیں جولائی میں معطل کر دیا گیا تھا۔

منگل کے دِن، باغیوں نے بتایا تھا کہ اُنھوں نے ’مالاکل‘ کو فتح کر لیا گیا ہے، جس دعوے کی حکومت نے تردید کی ہے۔

’ڈاکٹرز وِداؤٹ بارڈرز‘ کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند روز سے، بالائی نیل کی یونٹی اور جونگلائی ریاستوں میں ہونے والی لڑائی کے دوران، سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں، اِس امدادی گروپ نے بتایا ہے کہ مالاکل اور بالائی نیل کی ریاست کی ’ناصر‘ نامی برادری میں زخمی ہونے والے 116 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

صدارتی ترجمان، اتینی ویک اتینی نے بدھ کے روز متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بالآخر حکومت کی افواج ہی سُرخرو ہوں گی۔

طرفین کے نمائندے ممکنہ جنگ بندی کے لیے بات چیت کی غرض سے ایتھیوپیا میں ملاقات کرتے رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ کشیدگی کے باعث، اب تک کم از کم 1000افراد ہلاک، جب کہ چار لاکھ سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔

لِنڈا تھامس گرین فیلڈ کا تعلق واشنگٹن میں ’محکمہٴ خارجہ کے افریقی امور کے بیورو‘ سے ہے۔ اُنھوں نے جنوبی سوڈان کے راہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ مفاہمت کی کوششیں کریں۔ اُنھوں نے یہ بات کانگریس کمیٹی کی ایک سماعت کے دوران بیان دیتے ہوئے کہی۔

منگل کے روز، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے اِس تنازعے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کے تعداد میں اضافے اور بے گھر ہونے والوں کی حالت پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG