رسائی کے لنکس

کیلیفورنیا: سابق فوجیوں کے مرکز میں مسلح شخص اور تین یرغمالی ہلاک


کیلیفورنیا میں سابق فوجیوں کے سب سے بڑے مرکز میں ایک مسلح شخص کی طرف سے کئی گھنٹوں تک لوگوں کو یرغمال بنائے رکھنے کے واقعے میں ایک عہدیدار کے مطابق مسلح شخص اور تین یرغمالیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

یہ عہدیدار میڈیا سے بات کرنے کا مجاز نہیں تھا اس لیے یہ معلومات امریکی خبر رساں ایجنسی 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دیں۔

جمعہ کو ایک مسلح شخص نے امریکہ میں سابق فوجیوں کے اس سب سے بڑے مرکز میں لوگوں کو تقریباً آٹھ گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا۔

اس صورتحال کے باعث یونٹویل اور اس کے گردونواح کے پورے علاقے کو حکام نے بند کر دیا تھا اور بتایا گیا کہ حکام اس مسلح شخص سے مذاکرات کے لیے رابطے میں رہے۔

اس واقعے کے محرکات اور مسلح شخص کی شناخت تاحال سامنے نہیں آئی جب کہ حکام یہ کہہ چکے تھے کہ وہ اس شخص کو جانتے ہیں۔

قبل ازیں لوگوں کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع ملتے ہیں کاونٹی کے ڈپٹی شیرف وہاں پہنچے اور مسلح شخص کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا لیکن اس میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

مرنے والے تین یرغمالیوں کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ پاتھ وے ہاوس کے ملازمین تھے۔ حکام کے مطابق مسلح شخص کو ایک کمرے تک محدود کر کے اس سے رابطے کی کوششیں بھی کیں۔

ریاست میں سابق فوجیوں کے امور کے محکمے کا کہنا ہے کہ یہ مرکز 1984ء میں قائم کیا گیا تھا اور یہ ملک میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا مرکز ہے جہاں لگ بھگ ایک ہزار بزرگ اور معذور شہری مقیم ہیں۔

XS
SM
MD
LG