انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ وہ کرکٹ کے معتبر 'سر گارفیلڈ سوبر' ٹرافی کا اعزاز بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی نے 2019 کے دوران بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے جس کے مطابق آسٹریلیا کے پیٹ کمنس ٹیسٹ کرکٹ کے جب کہ بھارت کے روہت شرما ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔
بھارت کے ہی دیپک چاہر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بہترین پرفارمنس کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔
آسٹریلیا کے مارنس لیبس شیگن ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر اور اسکاٹ لینڈ کے بلے باز کیل کوئٹزر ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیے گئے ہیں۔
انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی اور ایک سال کے دوران کھیلے گئے 20 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انہوں نے 719 رنز بنائے اور 12 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
اٹھائیس سالہ بین اسٹوکس نے گزشتہ برس 11 ٹیسٹ میچز میں 821 رنز بنائے اور 22 وکٹیں بھی حاصل کیں، وہ ایشز سیریز کے لیڈز ٹیسٹ میں 135 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے تھے۔ ان کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔
بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 مہینے انگلینڈ کی کرکٹ کے لیے ناقابل بیان رہے ہیں جس کے دوران "ہم نے پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی۔ یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔"
اسٹوکس نے مزید کہا کہ 'سرگارفیلڈ سوبر' ایوارڈ حاصل کرنے میں ٹیم کے ساتھیوں اور دیگر اسٹاف کا بھی اہم کردار ہے جنہوں نے ہر قدم پر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی گزشتہ برس پلیئر آف دی ایئر سمیت ٹیسٹ اور ون ڈے کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے، وہ اس بار اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔
اُنہیں یہ ایوارڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ کو تماشائیوں کی جانب سے ناروا رویے پر اظہار یکجہتی کرنے پر دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی بلے باز اسٹیون اسمتھ بال ٹیمپرنگ کے جرم میں ایک سال کی سزا کاٹنے کے بعد 2019 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل ہوئے تھے اور بھارت کے خلاف میچ کے دوران اُنہیں تماشائیوں نے میچ کے دوران سخت جملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
ویرات کوہلی کو آئی سی سی کی ون ڈی اور ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے امپائر رچرڈ ایلنگورتھ امپائر آف دی ایئر قرار دیے گئے ہیں جس پر اُنہیں ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی کا اعزاز دیا گیا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ساتویں امپائر ہیں۔