جاپان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن سے تاحال نہ تو کسی نقصان کی اطلاع ملی ہے اور نہ ہی حکام نے سونامی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
جاپان کے محکمۂ موسمیات کے مطابق منگل کی شام آنے والے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 9ء 6 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز دارالحکومت ٹوکیو کے جنوب میں واقع جزائر اوگاساوارا کے نزدیک سمندر میں 480 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز انتہائی گہرائی میں ہونے کے باعث علاقے میں سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔
جاپان کا شمار دنیا کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں زمین کی پرتیں سب سے زیادہ متحرک ہیں جس کے باعث یہاں زلزلوں کا آنا معمول ہے۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق دنیا میں 6 یا اس سے زیادہ شدت کے آنے والے کل زلزلوں میں سے 20 فی صد صرف جاپان میں آتے ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی ٹوکیو کے جنوب میں واقع جزائر کے نزدیک علاقے میں 5ء8 شدت کا زلزلہ آیا تھا لیکن اس سے کوئی خاص جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔
مارچ2011ء میں جاپان کے شمال مشرقی ساحل پر آنے والے 9 شدت کے زلزلے اور اس کے باعث جنم لینے والے سونامی نے علاقے میں بڑی تباہی مچائی تھی جب کہ ایک جوہری بجلی گھر بھی بری طرح متاثر ہوا تھا۔