کوڈی شوارزن تروبر آٹھویں گریڈ کے طالب علم ہیں، جو 'گرین ووڈ مینونائٹ اسکول' کے اُن 219 طالب علموں میں شامل ہیں، جنھیں اعزازی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ مسٹر کوڈی طالب علم سفیر برائے پاکستان ہیں۔
سفارت خانے کے ایک پریس رلیز کے مطابق، مسٹر کوڈی اسکول کے چند ساتھیوں کے ہمراہ واشنگٹن میں واقع پاکستانی سفارت خانے گئے، جہاں ایک مختصر لیکن پُروقار تقریب میں، سفیر اعزاز چودھری نے اُن کا خیرمقدم کیا۔ بچوں کی 'دنیا کی تسخیر' کے عنوان سے ایک پروجیکٹ متعارف کرایا گیا ہے، اور کوڈی پاکستان پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔
اِس دلچسپ پروجیکٹ کا مقصد دنیا بھر کے ممالک کے درمیان 'مشابہت اور فرق' کو جاننا ہے، جو اسکول کی جانب سے اعلان کردہ پہلا منفرد پروجیکٹ ہے۔ اس میں پنہاں راز یہ ہے کہ کنڈرگارٹن سے بارہویں گریڈ تک کے طالب علموں میں تدریس کا ایک نیا جوش و ولولہ اپنایا جائے جس سے بچے نہ صرف نئے ماحول سے مانوس ہوں بلکہ مختلف ملکوں کے حالات جان سکیں۔
'طالب علم پاکستانی سفیر'، مسٹر کوڈی نے پچھلے سال دسمبر میں پاکستان کے صدر ممنون حسین کو ایک خط تحریر کیا تھا، جس کا مقصد پاکستان سے آگہی کا حصول تھا۔ اپنے جوابی خط میں صدرِ پاکستان نے 'دنیا کی تسخیر' کے پروجیکٹ کی تعریف کی ہے، ساتھ ہی اُنھوں بحیثیتِ پاکستانی سربراہ، تصاویر پر باضابطہ دستخط کیے ہیں۔
تقریب میں، پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے تالیوں کی گونج میں مسٹر کوڈی کو صدرِ پاکستان کا دستخط شدہ جوابی خط حوالے کیا، اور نئے دوست بنانے کے لیے صدر نے اُنھیں دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی ہے۔
اپنے کلمات میں، سفیر اعزاز چودھری نے پاکستان اور امریکہ میں عوامی سطح اور مختلف شعبہ جات کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ باہمی تعلقات مضبوط تر ہو سکیں۔ اُنھوں نے مسٹر کوڈی کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا، اور پروجیکٹ کی تعریف کرتے ہوئے، اُنھیں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کرتے رہنے کی تاکید کی۔
اس موقعے پر 'ڈپٹی چیف آف مشن'، رضوان شیخ نے مسٹر کوڈی اور اُن کے ہم جماعت بچوں کا خیرمقدم کیا، اور پاکستان کے بارے میں بنیادی حقائق ،تاریخ، ثقافت اور لوگوں کے بارے میں تفصیل پیش کی۔
اسکول کے پرنسپل، ڈوئان مِلر میں اس موقعے پر موجود تھے، جنھوں نے گرمجوشی اور مہمان نوازی کی پاکستانی اقدار کی تعریف کی۔ مسٹر کوڈی مئی، 2017ء تک پاکستان کے بارے میں اپنی تفصیلی سالانہ رپورٹ پیش کریں گے۔