سوڈان کے ایک آزاد اخبار کے ایڈیٹر نے کہاہے کہ حکام نے ان کے اخبار کی اشاعت بند کردی ہے، جو میڈیا کے خلاف حکومت کی پکڑ دھکڑ کا تازہ ترین واقعہ ہے۔
اخبار الوان نے ایڈیٹر نے جمعے کے روز کہا کہ سیکیورٹی اہل کاروں نے ان کے سٹاف کو اخبار کی بندش کے سرکاری فیصلے سے آگاہ کیا۔
ایڈیٹر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہل کاروں نے اخبار کے دفتر پر قبضہ کرلیا ہے۔
سوڈان کے حکام کئی موقعوں پر میڈیا کے خلاف کارروائی کرچکے ہیں جب کہ ملک کا آئین پریس کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
اس ماہ کے شروع میں سرکاری عہدے داروں نے حزب اختلاف کی جماعت پاپولر کانگریس پارٹی کے اخبار راعی الشاب کو بند کردیا تھا۔
پچھلے سال سوڈان کی حکومت نے ملک کی دو آزاد حصوں میں تقسیم کے بعد کئی اخبارات کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔