رسائی کے لنکس

سوڈان: صدر بشیر کا 2015ء میں اقتدار چھوڑنے کا اعلان


سوڈان میں گزشتہ دو عشروں سے زائد عرصے سے برسرِ اقتدار صدر عمر البشیر نے اعلان کیاہے کہ وہ 2015ء میں اقتدار سے دستبردار ہوجائیں گے۔

سوڈان میں گزشتہ دو عشروں سے زائد عرصے سے برسرِ اقتدار صدر عمر البشیر نے اعلان کیاہے کہ وہ 2015ء میں اقتدار سے دستبردار ہوجائیں گے۔

قطر کے اخبار 'الشرق' میں بدھ کو شائع ہونے والےایک انٹرویو میں سوڈانی صدر نے کہا ہے کہ وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں حصہ نہ لینے کے اپنے ماضی کے فیصلے پر قائم ہیں۔

اس سوال پر کہ اگر ان کی جماعت نے دوبارہ انہی کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر اصرار کیا تو وہ کیا کریں گے، سوڈانی صدر کا کہنا تھا کہ 20 سال بہت ہوتے ہیں اور اب، ان کے بقول، سوڈان کے عوام نوجوان خون کی تلاش میں ہیں۔

صدر بشیر نے کہا کہ حکمران جماعت 'نیشنل کانگریس پارٹی' آئندہ سال ہونے والی اپنی کانفرنس میں نئے رہنما کا انتخاب کرے گی۔

خیال رہے کہ 69 سالہ صدر بشیر نے 1989ء میں ایک فوجی انقلاب کے نتیجے میں اقتدار حاصل کیا تھا۔

اپنے اس انٹرویو میں سوڈانی صدر نے بین الاقوامی عدالت برائے جرائم (آئی سی سی) کے ساتھ اپنے تنازع کے ذکر سے گریز کیا جس نے سوڈان کے علاقے دارفور میں نسل کشی اور جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔
XS
SM
MD
LG