رسائی کے لنکس

جنوبی سوڈان میں جھڑپیں، 20 فوجی ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

جنوبی سوڈان کی فوج نے کہا ہے کہ باغیوں کے ایک حملے میں اس کے کم از کم 20 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق باغی فوجی افسر پیٹر گیڈٹ کے حامی مسلح گروہ اور فوجیوں کے درمیان جھڑپیں منگل کو تیل کی پیداوار سے متعلق اہم ریاست ”یونیٹی“ کے علاقے مایوم میں ہوئیں۔

جنوری میں ہونے والے ریفرینڈم جس میں جنوبی سوڈان کے رہائشیوں کی اکثریت نے شمالی سوڈان سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا، کے بعد سے بعض علاقوں میں پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

جنوبی سوڈان کی حکمران پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ خرطوم نجی جنگجوؤں کو تربیت دینے اوراُنھیں مسلح کر نے میں ملوث ہے اور وہ اس خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرکے علیحدہ ریاست کے قیام سے پہلے جنوبی سوڈان کی قیادت کو برطرف کرنے کے درپے ہے۔

شمالی سوڈان کی حکمران نیشنل کانگریس پارٹی نے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔

ریفرینڈم کا انعقاد 2005ء میں طے پانے والے امن معاہدے کے تحت کیا گیا تھا جس کی بدولت جنوبی اور شمالی سوڈان کے درمیان خانہ جنگی کا خاتمہ ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG