افغانستان کے شمال مشرقی علاقے میں ایک امریکی فوجی اڈے کے نزدیک خود کش کار حملے میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق حملہ خوست شہر کے نواح میں قائم ایک پولیس چوکی پر اس وقت کیا گیا جب وہاں پولیس اہلکاروں نے تلاشی کے لیے کئی گاڑیوں کو روک رکھا تھا۔
خوست پولیس کے سربراہ فیض اللہ غیرت نے خود کش حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ تاہم ان کاکہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کتنے پولیس اہلکار شامل ہیں۔
علاقے میں تعینات امریکی فوج کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ حملے میں اس کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔
خود کش حملہ جس مقام پر کیا گیا ہے وہ افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے ایک اڈے 'کیمپ چیپ مین' کے نزدیک واقع ہے جو ماضی میں طالبان کے کئی حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔
مذکورہ اڈہ ایک عرصے تک 'سی آئی اے' کے زیرِ استعمال رہا ہے جسے امریکی خفیہ ایجنسی طالبان اور القاعدہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے لیے استعمال کیا کرتی تھی۔
اسی اڈے پر 2009ء میں القاعدہ کے ایک ہمدرد نے فائرنگ کرکے 'سی آئی اے' کے سات امریکی اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔