دو ننھے منّے سماٹرن ٹائیگرز کو جلد ہی امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے چڑیا گھر میں عوام کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔
ایک دہائی سے زائد عرصہ کے بعد اٹلانٹا کے چڑیا گھر میں پیدا ہونے والے شیر کے ان بچوں کی عمر دو ماہ ہے جبکہ ان میں سے ایک نر اور ایک مادہ ہے۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے شیر کے دونوں بچوں کے ہندی نام رکھے ہیں۔نر بچے کا نام 'سنجیو' رکھا گیا ہے جس کا مطلب 'محبت' ہے جبکہ مادہ کا نام 'سوہنی' یعنی 'خوب صورت' ہے۔
چڑیا گھر میں ممالیہ جانوروں کے شعبے کی نگران ربیکا سینڈر کا کہنا ہے کہ 'سنجیو' اور 'سوہنی' دن بدن چست ہوتے جارہے ہیں اور ان کی ماں 'چیلسیا' ان کی بخوبی نگہداشت کر رہی ہے۔
ربیکا کے مطابق 5 جولائی کو پیدا ہونے والے دونوں بچے گزشتہ دو ہفتوں سے چلنے پھرنے کے قابل ہوگئے ہیں اور انہوں نے خوب اچھل کود مچا رکھی ہے۔
پیدائش کے بعد سے دونوں بچوں اور ان کی ماں کی 24 گھنٹے لائیو کمروں کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے جبکہ ان کی براہِ راست ویڈیو 'اٹلانٹا زو' کی ویب سائٹ پر بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں پائے جانے والے شیروں میں سماٹرن ٹائیگرز سب سے زیادہ معدومی کے خطرے سے دوچار ہیں اور ایک اندازے کے مطابق اس نسل کے صرف 400 شیر ہی کھلے جنگلوں میں باقی بچے ہیں۔ یہ شیر صرف انڈونیشی جزیرے سماٹرا پر ہی پائے جاتے ہیں جہاں ان کی نسل کوغیر قانونی شکار، قدرتی اموات اور جنگلات کی کٹائی جیسے خطرات کا سامنا ہے۔
سماٹرن ٹائیگرز کی وڈیو: