رسائی کے لنکس

امریکی چڑیا گھروں میں آنے والے شائیقین ۔۔کتنے سیانے


.
.

ہیلو امیریکہ کے اس سیگمنٹ میں اسلام آباد کے چڑیا گھر مرغزار کے ڈپٹی ڈائیریکٹر ڈاکٹر سلیم واشنگٹن ڈی سی کے چڑیا گھر کے اپنے ہم منصب سے دو سوالات پوچھ رہے ہیں ۔ ڈاکٹر سلیم جاننا چاہتے ہیں کہ امریکی چڑیا گھروں میں آنے والے وزیٹرز یہاں رکھے گئے جانوروں سے کس طرح کا برتاؤ کرتے ہیں اور انتظامیہ ان لوگوں کی آگہی میں اضافے کے لیئے کیا اقدامات کرتی ہے ؟

واشنگٹن ڈی سی میں واقع اسمتھ سونئین نیشنل زولوجیکل پارک کے جانوروں کی دیکھ بھال کے شعبے کے ایسو سی ایٹ ڈائیرکیٹر ڈاکٹر ڈون مور اس سوال کے جواب میں بتاتے ہیں کہ امریکی چڑیا گھروں میں سیر کے لیئے آنے والوں کی اکثریت کا برتاؤ جانوروں کے ساتھ مناسب ہوتا ہے اور یہ لوگ انتظامیہ کی جانب سے لاگو کی جانے والی پابندیوں کا احترام بھی کرتے ہیں ۔ ان کے مطابق وزیٹرز کو ان پابندیوں اور قوانین سے آگاہ کرنے کے لیئے جگہ جگہ بورڈ ز لگائے گئے ہیں ۔ وائس آف امریکہ نے ایسے بورڈز جگہ جگہ لگے دیکھے جن پر جانوروں کو کچھ کھانے پینے کے لیے ڈالنے، سگریٹ نوشی ، پنجروں کے اندر جانے وغیرہ سے منع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈا کٹر مور نے ہماری توجہ مشتہر کیئے جانے والے ان ایمرجنسی نمبرز کی جانب بھی کروائی جو ان لوگوں کے لیے لگائے گئے ہیں جو دوسروں کے کسی غیر مہذب رویئے کی شکایت انتظامیہ تک پہنچانا چاہتے ہوں ۔

شوٹ کے دوران ہی قریب سے چھوٹے بچے کے ساتھ گزرتی ہو ئی ایک خاتون کو ڈاکٹر ڈون مور نے چڑیا گھر میں ا سموکنگ کے ممنوع ہونے کے بارے میں بتایا۔خاتوں نے خاصی بے دلی سے سگریٹ کو بجھا یا ۔ جس پر ڈاکٹر ڈون نے کہا کہ جب تک لوگوں کی کسی حرکت سے جانوروں کو کوئی سنجیدہ نقصان پہنچنے کا احتمال نہ ہو سیکیوریٹی کو بلانے سے گریز کیا جاتا ہے ۔

ڈاکٹر سلیم جانوروں کی دیکھ بھال کے لیئے امریکی چڑیا گھروں میں اس وقت استعمال ہونے والی جدید ترین ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی جاننا چاہتے ہیں ۔ ڈاکٹر ڈون مورنے اپنے جواب میں خاص طور سے دو ٹیکنالوجیز کا زکر کیا ۔ ایک جانوروں کو وزن کرنے والے اسکیل کے استعمال کی تربیت دینا اور دوسرا ٹیلی میٹرک انڈے کا استعمال ۔ ٹیلی میٹرک انڈہ اصل انڈے کی شکل اور جسامت کا ایک آلہ ہے جسے مخصوص پرندوں میں انڈے سینے کے لیئے ضروری درجہ حرارت معلوم کرنے کے لیئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ واشنگٹن ڈی سی کے چڑیا گھر میں کوری بسٹر نامی پرندوں کی افزائش نسل کے لیئے ٹیلی میٹرک انڈے کو پہلی بار استعمال کیا گیا ۔

XS
SM
MD
LG