شام کے حزب اختلاف کی ایک تنظیم نے وسطی شہر حمص میں حکومت مخالف مظاہروں پر سیکیورٹی فورسز کی تازہ ترین پرتشدد کارروائی کے ایک روز بعد شہریوں کے لیے بین الاقوامی تحفظ کی اپیل کی ہے۔
شام کی نیشنل کونسل نے پیر کے روزحمص کو ایک مصیبت زدہ علاقہ قراردیتے ہوئے بین الاقوامی اور عرب مبصرین پر روز دیا کہ وہ اس شہر کے زمینی حقائق کی نگرانی کریں۔
سرگرم کارکنوں اور حمص کے مکینوں کا کہناہے کہ سیکیورٹی فورسز نے رات بھر شہر کے رہائشی علاقوں میں چھاپے مار ے اور ایک شخص کو ہلاک کردیا۔
پیر کے روز شام کی سیکیورٹی فورسز نے کم ازکم 13 افراد کو ہلاک کردیا تھا، جن میں سے زیادہ تر ہلاکتیں حمص میں ہوئیں، جس کے بارے میں سرگرم کارکنوں کا کہناہے کہ سرکاری فورسز شہریوں کے خلاف ایک مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کا کہناہے کہ شام میں گذشتہ تقریباً آٹھ ماہ سے جاری شورش میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
شام کی حکومت کا کہناہے کہ زیادہ تر ہلاکتوں کے ذمہ دار دہشت گرد اور مسلح افراد ہیں۔