انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ شام میں سرکاری افواج نے منگل کے روز حزب مخالف کے مضبوط ٹھکانوں پر اپنے حملوں کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔ تازہ واقعے میں دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
برطانیہ میں مقیم شام میں انسانی حقوق کی نگران تنظیم نے کہا ہے کہ یہ جانی نقصان سرکای فوج کے ٹینکوں کی طرف سے جنوبی صوبہ دارا کے علاقے بصرہ الحریر میں گولے داغے جانے کے نتیجے میں ہوا۔ یہ علاقہ فری سیریئن آرمی کے باغیوں کا مضبوط گڑھ ہے۔
تنظیم کے مطابق حمص شہر کے قریبی علاقے خالدیہ میں بھی صدر بشار الاسد کی وفادار فوجوں نے گولہ باری کی ہے۔ حمص حکومت مخالف تنظیم کا مرکز ہے اور یہاں جنگ بندی کے معاہدے کے بعد بہت کم وقفے میں لاتعداد حملے ہوچکے ہیں۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے بارے میں آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔