رسائی کے لنکس

شام: حکومتی قید سے مزید 500 قیدی رہا


عرب لیگ کے مبصر
عرب لیگ کے مبصر

تاہم، شامی حزبِ مخالف کے لندن میں قائم ایک گروپ 'آواز' نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں شامی حکام پر زیرِ حراست قیدیوں کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے، اورشام میں موجود عرب لیگ کے مبصرین پر زور دیا ہے کہ وہ شامی حکومت کے ہاتھوں قیدیوں کی ہلاکتیں روکنے کے لیے جیلوں کا دورہ کریں

شام میں حکومت مخالف مظاہروں کےدوران گرفتار کیے گئے مزید 500 سے زائد قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے، جب کہ حزبِ مخالف سے تعلق رکھنے والےایک گروپ نے الزام لگایا ہے کہ احتجاجی تحریک کے دوران گرفتار کیے گئے سینکڑوں افراد جیلوں میں حکام کے تشدد سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

شام کے سرکاری ٹی وی نے جمعرات کو بتایا ہے کہ سرکاری حراست سےرہا کیے گئےافراد میں سے کوئی بھی شامی شہریوں کے خلاف ہلاکت خیز تشدد میں ملوث نہیں تھا۔

دریں اثنا، شامی حزبِ مخالف کے لندن میں قائم ایک گروپ 'آواز' نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں شامی حکام پر زیرِ حراست قیدیوں کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ سے جاری احتجاجی تحریک کے دوران سرکاری جیلوں میں حکام کے تشدد سے اب تک 617 قیدی ہلاک ہوچکے ہیں۔ رپورٹ کےمطابق زائد ازگنجائش قیدیوں سے بھرے جیلوں اور غیر قانونی قید خانوں میں بھی کئی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ شام میں گزشتہ 10 ماہ سے جاری احتجاجی تحریک کے دوران لگ بھگ سات ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اقوامِ متحدہ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار ہے۔

'آواز' کا کہنا ہے کہ اُس نے ہلاکتوں کے اعدادو شمار مرنے والوں کے لواحقین اور دیگر آزاد ذرائع سے اکٹھے کیے ہیں۔

تنظیم نے شام میں موجود عرب لیگ کے مبصرین پر زور دیا ہے کہ وہ شامی حکومت کے ہاتھوں قیدیوں کی ہلاکتیں روکنے کے لیے جیلوں کا دورہ کریں۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے رواں ہفتے کہا تھا کہ شام میں عرب لیگ کے مبصر مشن نے حکومتی حراست سے ساڑھے تین ہزار افراد کو رہائی دلائی ہے۔

تاہم برطانیہ میں قائم ایک اور شامی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' نے کہا ہے کہ شام میں موجود اس کے ذرائع کے مشاہدے میں قیدیوں کی رہائی نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ عرب لیگ کے مبصرین کا شام میں جاری مشن دوسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے جہاں وہ شہروں سے فوجیوں کے انخلا، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف پرتشدد کاروائیوں کی روک تھام سے متعلق شامی حکومت کی یقین دہانیوں کا جائزہ لینے کے لیے ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG