شام نے کہا ہے کہ بدھ کو قاہرہ میں ہونے والے عرب لیگ کے اجلاس میں اس معاہدے کا اعلان کیا جائے گا جو ملک میں کئی ماہ سے جاری بدامنی کا خاتمہ کرسکتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی صنا کے مطابق شام کے عہدیداران اور عرب لیگ کی وزارتی کمیٹی ایک ’’حتمی دستاویز‘‘ پر متفق ہوگئے ہیں۔ تاہم اس معاہدے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
رواں ہفتے عرب لیگ کے سفارتکاروں نے تجاویز کا اعلان کیا تھا جس میں شام کی حکومت کو شہروں سے فوج واپس بلانے، حکومت کی حامی قوتوں کی جانب سے شہریوں پر تشدد بند کرنے اور قاہرہ میں شامی حزب اختلاف سے بات چیت کرنے کا کہا گیا تھا۔
گزشتہ جمعہ کو 22 رکنی لیگ کی طرف سے شام پر اس وقت تنقید میں تیزی دیکھنے میں آئی جب انسانی حقوق کے کارکنوں نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف مظاہرین پر فائرنگ کرکے درجنوں افراد کو ہلاک کردیا۔
اقوام متحدہ کے مطابق سات ماہ سے جاری حکومت مخالف تحریک میں مرنے والوں کی تعداد تین ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ شام کی حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اس عرصے میں سینکڑوں سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا ہے۔